بینک آف آزاد جموں وکشمیر میں میرٹ اور ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لئے ٹیلنٹ پول سکیم کا انتہائی صاف و شفاف نظام رائج ہے٬بینک میں مقابلے کے رحجان سے خوفزدہ اور سفارشی کلچر پر یقین رکھنے والے چند مٹھی بھر عناصر میرٹ سے بچنے اور اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے بینک کے خلاف بدنیتی پر مبنی گمراہ کن پروپگنڈہ کر رہے ہیں٬ ترجمان بینک آف آزاد جموں وکشمیر

منگل 18 اکتوبر 2016 16:40

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2016ء) بینک آف آزاد جموں وکشمیر میں میرٹ اور ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لئے ٹیلنٹ پول سکیم کا انتہائی صاف و شفاف نظام رائج ہے جو نہ صرف دیگر معروف قومی بینکوں کے نظام سے مطابقت رکھتا ہے بلکہ بینکاری کے مروجہ اصولوں کے بھی عین مطابق ہے۔ بینک میں مقابلے کے رحجان سے خوفزدہ اور سفارشی کلچر پر یقین رکھنے والے چند مٹھی بھر عناصر میرٹ سے بچنے اور اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے بینک کے خلاف بدنیتی پر مبنی گمراہ کن پروپگنڈہ کر رہے ہیں اور ٹیلنٹ پو ل سکیم کو ذاتی مفادات کے لئے نشانہ بنا رہے ہیں۔

بینک آف آزاد جموں وکشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹیلنٹ پول سکیم ٹیلنٹ اور لیڈر شپ صلاحیتوں کے حامل پروفیشنلز کو سامنے لانے میں معاون ثابت ہو رہی ہے جو پروفیشنلز کی حوصلہ افزائی٬ ادارے کی کارکردگی اور بہتری کے لئے نمایاں خدمات انجام دینے میں بھی مددگار بنتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سکیم پر بینک میں اندرونی یا بیرونی طور پر کوئی بھی اثر انداز نہیں ہو سکتا ہے۔ صرف میرٹ کے حامل ملازمین ہی اس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ میرٹ کے چند مخالفین صاف و شفاف نظام کے راستے میں ہمیشہ رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر تے ہیں٬جن میں صلاحیتوں کا فقدان ہے اور جو بینک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے گمراہ کن مہم کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔