مظفرآباد‘ محلہ ڈھیریاں بمبیاں میں غیر قانونی ذبح خانوں /مویشی باڑوں کیوجہ سے اہل محلہ کی زندگیاں اجیرن بن گئیں

بدبو ٬تعفن کیوجہ سے اہل محلہ میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ‘ اہل محلہ کا غیر قانونی ذبح خانوں کو ختم کرنیکا مطالبہ

منگل 18 اکتوبر 2016 15:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2016ء) محلہ ڈھیریاں بمبیاں میں غیر قانونی ذبح خانوں /مویشی باڑوں کیوجہ سے اہل محلہ کی زندگیاں اجیرن بن گئیں ‘ بدبو ٬تعفن کیوجہ سے اہل محلہ میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ‘ اہل محلہ کا غیر قانونی ذبح خانوں کو ختم کرنیکا مطالبہ ‘ تفصیلات کے مطابق ڈھیریاں بمبیاں میں غیر قانونی طور پر 3ذبح خانے اور مویشیوں کے باڑے قائم ہیں جس کی وجہ سے محلہ آلودگی میں ڈوب چکا ہے ۔

تعفن اور بدبو پورے محلہ میں پھیلی ہوئی ہے اور اہل محلہ کا سانس لینا بھی مشکل ہوچکا ہے ۔ اہل محلہ نے بتایا کہ انکے بچے ٬ خواتین اور بوڑھے اس تعفن کیوجہ سے مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں اور خاص کر اب جبکہ شہر میں ڈینگی وائرس پھیلا ہوا ہے ڈھیریاں بمبیاں میں بھی ان ذبح خانوں / مویشی باڑوں کیوجہ سے ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے ۔

(جاری ہے)

اہل محلہ کا کہنا تھا اگر محلہ سے غیر قانونی ذبح خانوں کو ختم نہ کیا گیا تو اہل محلہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوسکتے ہیں جس کی ذمہ دار دارلحکومت کی انتظامیہ ہوگی ۔

اہل محلہ کا کہنا تھا کہ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر مظفرآباد ٬ بلدیہ مظفرآباد اور محکمہ ماحولیات میں متعدد بار درخواستیں دیں اور خود بھی پیش ہوئے مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی ہے ۔ بااثر قصائی مافیا کیوجہ سے اہل محلہ کی زندگیاں اجیرن بن کر رہ گئی ہیں ۔ اہل محلہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر ٬ چیف سیکرٹری آزادکشمیر سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لیکر اہل محلہ کی جان ان بیماریوں کے گڑھ ذبح خانوں سے نجات دلائیں ۔

متعلقہ عنوان :