آسیہ اندرابی غیر قانونی نظربندی کی وجہ سے اوآئی سی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گی

او آئی سی مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرے٬ دختران ملت

منگل 18 اکتوبر 2016 12:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیںدختران ملت نے کہا ہے کہ پارٹی کی سربراہ آسیہ اندرابی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی وجہ سے اسلامی تعاون تنظیم کے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقد ہونیوالے 43ویں عام اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی سیکریٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ او آئی سی نے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 43 اجلاس میں جموں و کشمیر سے حریت رہنمائوں کو شرکت کی دعوت دی تھی ۔

ا نہوںنے کہاکہ آسیہ اندرابی اور دیگر حریت رہنماء مسلسل گھروںیا جیلوں میں نظربندی کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتے ہیں ۔ انہوںنے او آئی سی سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ٬ حق خود ارادیت دے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر کے پاکستان کے ساتھ ادغام کے بعد ہی "تکمیل پاکستان" کاخوا ب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی سیاسی ٬ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے پاکستان سے اپیل کی کہ وہ او آئی سی میں کشمیریوں کا وکیل نہیں بلکہ ایک اہم فریق کی حیثیت سے کردار ادا کرے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دنیا بھر میں ایک موثر مہم شروع کرنی چاہیے ۔ ناہیدہ نسرین نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور قتل عام پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام تر مشکلات کے باوجود مشترکہ حریت قیادت کے پروگراموں پر من و عن عمل کرنے پر کشمیریوں عوام کو سلام پیش کیا ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی کٹھ پتلی انتظامیہ موجودہ انتفادہ کی وجہ سے شدید مایوسی کا شکار ہوگئی ہے ٬جس وجہ سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ ا نہوںنے کشتواڑ میں آتشزدگی کے واقعے پر شدید تشویش ظاہر کی ۔