عوام صبر و استقامت سے کام لے تاکہ ہماری جاری جد وجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے‘سید بشیر اندرابی

بین الاقوامی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز اٹھائیں اور تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے آگے آئیں

منگل 18 اکتوبر 2016 11:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2016ء) محبوس کشمیر فریڈم فرنٹ کے چیئرمین اور سینئر حریت لیڈر سید بشیر اندارابی نے وادی میں قتل و غارت گیری ٬ کرفیو اور بندشوں کے مسلسل 100 روز مکمل ہونے پر کشمیر کے غیور عوام سے کہا ہے کہ وہ اس نازک مرحلے میں ماضی کی طرح صبر و استقامت سے کام لے تاکہ ہماری جاری جد وجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہا رواں عوامی تحریک کے دوران 100 سے زیادہ افراد کو شہید ٬ 20 ہزار کے قریب لوگوں کو زخمی اور500 کے قریب نوجوانوں کو پیلٹ گن کے استعمال سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بینائی سے محروم کیا گیا۔پریس کے نام جاری بیان میں سید بشیر اندرابی نے کہا وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی برادری کشمیر میں ہورہی انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز اٹھائیں اور حکومت ہندوستان پر زور ڈالیں کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے آگے آئیں تاکہ برصغیر کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں امن و امان کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

سید بشیر اندرابی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے اطراف و اکناف میں دی جارہی قربانیاں رنگ لائی گی اور ہمارے بہتر سیاسی مستقبل کے لئے دی گئی بے شمار قربانیاں کے صدقہ ہمیں آزادی کی صبح میں سانس لینے کی سعادت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا وادی بھر میں دی گئی مالی و جانی قربانیاں ہماری پُر امن جد وجہد کے اثاثے ہیں جنہیں کسی بھی قیمت پر رائیگان نہیں ہونے دیا جائیگا۔سید بشیر اندرابی نے پچھلے 3 مہینوں کے دوران ہزاروں نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حربوں نہ تو ہم ماضی میں مرعوب ہوئے اور نہ آئیندہ ہونگے لہذا نام نہاد حکومت یہاں کے لوگوں کو تنگ طلب کرنا چھوڑ دے اور نوجوانوں کی رہائی کو یقینی بنائیں۔