مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے

ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل خرامان کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گفتگو

پیر 17 اکتوبر 2016 22:53

انقرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2016ء) ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل خرامان نے مسئلہ کشمیر پر ترکی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور مذاکرات کے ذریعے کشمیر کا تنازعہ پرامن طریقے سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر نے کہا کہ کشمیریوں کا دکھ ہمارا دکھ ہے۔ کشمیریوں کا جائز حق تسلیم کیا جانا چاہیے اور اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔ سردار ایاز صادق نے جن کی زیر قیادت ایک پارلیمانی وفد ترکی کے دورے پر ہے‘ ترک ہم منصب کو بتایا کہ بھارت کی قابض افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہیں جوکہ اپنا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری عوام کی جدوجہد میں تیزی آئی ہے۔ ترکی میں 15 جولائی کو ناکام فوجی بغاوت کا ذکر کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ ترک عوام نے فوجی بغاوت کو ناکام بنا کر بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اس پر پاکستان کی حکومت اور پارلیمنٹ کی طرف سے ترکی کی قیادت اور پارلیمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر بھی ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت‘ سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے اور آزاد تجارت کے معاہدے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے پر بھی اتفاق کیا۔