کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے تو8لاکھ فوج اور سینکڑوں قوانین کیوں رائج کر رکھے ہیں٬ محمد برجیس طاہر

آج کا کشمیر مجاہدین نے حاصل کیا ہے ٬ غازیوں اور شہیدوں کی داستان ہے ٬ گیارہ مرتبہ اقوام متحدہ کی قرار داد کو انڈوز کیا گیا 70سالوں میں مقبوضہ کشمیر میں پانچویں نسل آچکی ہے٬ آج کشمیریوں کا چھوٹا بچہ بھی پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اٹھا کر نعرہ لگاتا دکھائی دیتا ہے٬ تقریب سے خطاب

پیر 17 اکتوبر 2016 20:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2016ء) وزیر کشمیر امور محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ کشمیر اگر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے تو مقبوضہ کشمیر میں 8لاکھ فوج اور سینکڑوں قوانین کیوں رائج کر رکھے ہیں ٬ آج کا کشمیر مجاہدین نے حاصل کیا ہے جو کہ غازیوں اور شہیدوں کی داستان ہے ٬ گیارہ مرتبہ اقوام متحدہ کی قرار داد کو انڈوز کیا گیا ٬ جب سے پاکستان وجود میں آیا ہے بھارت نے اسے تسلیم ہی نہیں کیا گذشتہ 70سالوں میں مقبوضہ کشمیر میں پانچویں نسل آچکی ہے آج کشمیریوں کا چھوٹا بچہ بھی پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اٹھا کر نعرہ لگاتا دکھائی دیتا ہے ۔

وہ گذشتہ روز لاہور ہائی کورٹ بار کی جموں کشمیر استصواب رائے کمیٹی کے زیر اہتمام بار کے کراچی ہال میں منعقدہ تقریب میں وکلاء سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر ہائی کورٹ بار کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمان ٬ نائب صدر سردار شہباز ٬ سیکرٹری انس غازی ٬ فنانس سیکرٹری سید اسد بخاری ٬ مسلم لیگ ن لائرز فورم کے رہنما خواجہ محمود ٬ حسان وائیں ٬ احمد اویس ٬ سید منظور گیلانی ٬ وسیم بٹ ٬ منظور حسین گیلانی ٬ عبدالرشید قریشی ٬ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

برجیس طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستانی بلا تفریق کشمیر کے مسئلہ پر متحد ہیں انہوں نے کہا کہ وکلاء کی آواز پوری قوم کی آواز ہے انہوں نے کہا کہ 1947سے لے کر آج تک پاکستانی پرچم کشمیر کی وادیوں میں لہرائے جاتے ہیں گلی کوچوں میں خون کی ہولی کھیلتے ہوئے پاکستانی پرچم لہرایا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک سپاہی کو اختیار ہے کہ وہ کسی کو بھی بغیر وجہ بتائے گولی مار دے آج تک کشمیر میں 5لاکھ شہید ہو چکے ہیں جن میں ہزاروں بچے ٬ بوڑھے نوجوان شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ہم صرف کشمیریوں کی آزادی چاہتے ہیں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دی جائے انہوں نے کہا کہ 70فیصد سے زیادہ کشمیر میں مسلمان موجود ہیں لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی کے تحت کشمیریوں پر ظلم ستم جاری ہے انسانیت کو ذبح کیا جا رہا ہے ان کی دنیا اندھیروں میں ڈبوئی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو کشمیر ہے اور کشمیر ہے تو پاکستان ہے کیونکہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کی تقسیم نا مکمل ایجنڈا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا کو باور کرانے کے لیے کہ کشمیر میں انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے اس حوالے سے وکلاء پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی جو دنیا بھر میں وفد کی شکل میں جا کر انہیں یہ احساس دلائے گی کہ کشمیر میں ظلم کو بند کرانے میں وہ اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ 2013اور آج ملکی حالات یکسر تبدیل ہو چکے ہیں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پر متعدد کو تکلیف ہے کہ اس سے پاکستان ترقی کی اس منزل تک جا پہنچے گا جس کا خواب دیکھا گیا تھا اب وہ خواب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ اسی طرح مسئلہ کشمیر پر بھی بہت کو تکلیف ہے جسے وہ چند عناصر حل نہیں ہونے دیتے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 70فیصد لٹریسی ریٹ ہے انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان پر جھوٹے الزامات لگاتا رہا ہے اور پاکستان پر سرجیکل سٹرائیک کا جھوٹا ڈرامہ بھی سب کو معلوم ہو گیا انہوں نے کہا کہ آج حکومت اور پاک افواج ایک صفحہ پر ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیںانہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک سلگتی چنگاری ہے ہم نے ایٹم بم شو کیز میں سجانے کے لیے نہیں رکھا انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کرتی ہے اور ان کے شابہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

سید منظور علی گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتوں کو تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک صفحہ پر اکھٹے ہو جائیں انہوں نے حکومت کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر یا باہر وسیع قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے اقدامات کرے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کی بالہ دستی چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ملک میں فوج کے اقتدار کے خواہش مند ہیں جن ہم مخالفت کرتے ہیں کیونکہ ہم ملک میں غیر آئینی اقدام کے خلاف ہیں ۔

عدلیہ بچائو کمیٹی کے سربراہ عبدالرشید قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی تعداد زیادہ ہے اور پاکستان کے قریب ترین ہے اس لیے اسے کشمیر کو پاکستان کے ساتھ الحاق کر دیا جائے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کشمیر کی آزادی پر زور دیا اور کہا کہ یہ پاکستان پر قرض ہے کہ وہ کشمیر کو آزاد کرائے انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیر کے معاملہ پر اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل درآمد کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرے مقررین نے کہا کہ اگر دنیا اقوام متحدہ کی منظور کردہ قرار داد کے تحت اس مسئلہ کو حل نہیں کرواتے تو دنیا ایک بڑی جنگ کے لیے تیار رہے ۔ (بخت گیر)