کشمیر کونسل کا کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم کو دنیا کے سامنے لانے کا فیصلہ

پیر 17 اکتوبر 2016 19:49

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2016ء) کشمیر کونسل (یورپی یونین) نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی فورسز کے مظالم کو دنیا کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین کشمیر کونسل (یورپی یونین) علی رضا نے ’’ اے پی پی‘‘ کو بتایا ہے کہ برسلز میں تین روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا جو آٹھ نومبر سے شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں یورپی ممالک کے وفود شریک ہوں گے جس میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بے گناہ کشمیریوں کے خلاف ہونے والی بربریت کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ علی رضا نے بتایا کہ سیمینار میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور سینئر وزیر طارق فاروق بھی وفد کے ساتھ سیمینار میں شرکت کریں گے۔ اس تین روزہ سیمینار میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں‘ سیاسی لیڈر شپ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بھارتی مظالم کے بارے میں بریفنگ بھی دی جائے گی۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی جدوجہد آزادی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :