مظفرآباد٬ کشمیری خواتین کی محترمہ آسیہ اندرابی کی بلاجواز ٬ غیر آئینی اور غیر قانونی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت

پیر 17 اکتوبر 2016 17:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2016ء) کشمیری خواتین نے حریت رہنما محترمہ آسیہ اندرابی کی بلاجواز ٬ غیر آئینی اور غیر قانونی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان اور قابض افواج کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے ۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں 100دن سے جاری منظم عوامی تحریک کے سامنے بھارت اور اسکی فوج گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگئی ہے ۔

نہتے عوام سے شکست کے بعد بھارت نے علی گیلانی ٬ یاسین ملک ٬ میرواعظم عمر فاروق٬ شبیر شاہ ٬ آسیہ اندرابی سمیت حریت قیادت کو قید ونظر بند کررکھا ہے ۔ لیکن بھارت یاد رکھے کہ اسے ہر قیمت پر کشمیر چھوڑنا ہوگا اور کشمیریوں کو آزادی دینا ہوگی۔ بھارت کی طرف سے آسیہ اندرابی اور دیگر حریت قائدین کی گرفتاریوںاور نظر بندیوں کے خلاف دارلحکومت مظفرآبادمیں پاسبان حریت شعبہ خواتین کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے سے پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی ٬ مہاجر رہنما بلال احمد فاروقی٬ عثمان علی ٬ مہناز قریشی ٬ رقیہ جاوید ٬ انوشہ رفیق ٬ مومنہ مجید اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت سے آزادی کے لئے کشمیریوں نے 100دنوں سے زائد عرصہ سے پرامن عوامی تحریک شروع کررکھی ہے ۔ پرامن احتجاجی تحریک کو ناکام بنانے کیلئے بھارت کی قابض افواج نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کررکھی ہے ۔

100دنوں میں 97کشمیری شہید کئے جاچکے ہیں ۔ 14ہزار افراد جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں زخمی کئے گئے ہیں ۔ 7ہزار افراد گرفتار ہیں ۔ 600نوجوانوں کو پی ایس اے کے تحت حراست میں رکھا گیا ہے ۔ جائیدادوں اور املاک کے نقصان کا کوئی حساب نہیں لیکن عالمی برادری نے خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ عالمی برادری کی یہ خاموشی خطہ میں خطرناک نتائج کا موجب بن سکتی ہے ۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران مہناز قریشی کا کہنا تھا کہ آسیہ اندرابی کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں خواتین غیر محفوظ ہیں ۔ بھارتی فوج کشمیری خواتین کو گرفتار کرکے تشدد کرتے ہیں ٬ حراساں کرتے ہیں اور انہیں دھمکیاں دی جاتی ہیں ۔ تحریک آزادی میں نمائندہ کردار ادا کرنے والی خواتین فرید بہن جی ٬ ناہیدہ نسرین ٬ پروین آہنگر ٬ یاسمین راجہ ٬ زمردہ حبیب اور دیگر کی خدمات قوم کیلئے مشعل راہ ہیں ۔مومنہ مجید نے کہا کہ بیس کیمپ کے عوام اور خواتین کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ۔ بھارت سے آزادی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔