شہدائے کارساز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آزاد کشمیر بھر میںتمام تر تیاریاں مکمل

چھتر پیپلز سیکرٹریٹ سے سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں آج بہت بڑی ریلی نکالی جائیگی ٬

پیر 17 اکتوبر 2016 17:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ملکی تاریخ میں سب سے بڑی دہشتگردی میں جاں بحق ہونے والے ڈیڑھ سو کے لگ بھگ شہداء جمہوریت کی 9ویں برسی آج منگل آزاد کشمیر بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منانے کی جملہ تیاریاں مکمل کرتے ہوئے متعدد کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں ۔

شہدائے کارساز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج بروز منگل 18اکتوبر بوقت 10بجے چھتر پیپلز سیکرٹریٹ سے ایک بہت بڑی ریلی نکالی جائیگی جو دارلحکومت کی مختلف شاہرائوں کا چکر لگاکر دربار عالیہ سید سائیں سخی سہیلی سرکارؒ پر اختتام پذیر ہوجائے گی۔ میرپور میں ریلی کی قیادت پارٹی کے سابق صدر سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید جبکہ دارلحکومت مظفرآباد میں آرگنائزنگ کمیٹی کے سینئر ممبر سابق سیکرٹری جنرل و سابق وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر کرینگے ۔

(جاری ہے)

ریلی میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی بڑی تعداد شریک ہوگی جس پر پارٹی قائدین کی تصاویریں ٬ پینافلیکس ٬ اور جھنڈے لہرائے جائیں گے ۔ میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پارٹی کے سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا کہ سانحہ کارساز میں خون ناحق اگرچہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے سرفروشوں کا بہہ چکا ہے لیکن یہ اب پیپلز پارٹی کا نہیں پوری قوم کا سانحہ ہے ۔

اس لئے کہ پیپلز پارٹی کے بہادر ٬خوددار کارکنوں نے دہشتگردی ٬ انتہا پسندی ٬ لاقانونیت اور جبر و بربریت کیخلاف اپنی جانیں نچھاور کرکے تاریخ عالم میں پاکستان کا نام روشن کیااور آج اسی وجہ سے ملک میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک اور ان کے سہولت کاروں کی سپلائی لائن کاٹنے کیلئے پوری قوم یکجا ہے ۔ تاہم یہ کریڈٹ بہر صورت پیپلز پارٹی کو ہی جاتا ہے جس نے ملک و ملت کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔

مارشل لاء کا مقابلہ کیا ۔ ملٹری کورٹس کا سامنا کیا ۔ جلا وطنی کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن اسلام ہمارا دین ٬ جمہوریت ہماری سیاست٬ سوشل ازم ہماری معیشت ٬ طاقت کا سرچشمہ عوام اور شہادت ہماری روایت کے عالمگیر پانچ رکنی رہنما اصول قومی وقار و ریاستی تشخص کیلئے نشان منزل ہیں یہی وہ راہنما اصول ہیں جو پاکستان کو دنیا بھر میں امن و آتشی کا لیڈنگ سٹار ملک ثابت کرینگے ۔

شوکت جاوید نے کہا کہ پاکستان اور پیپلز پارٹی ایک قلب دو جان کی مانند ہیں کیونکہ پیپلز پارٹی ہی واحد عالمگیر نظریاتی جمہوری تحریک ہے جس نے ہمیشہ آمریت کیخلاف علم بغاوت بلند کیااور ہر طرح کی دہشتگردی کا مقابلہ کیا وہ ہتھوڑا گروپ سے لیکر خود کش حملوں تک کی تاریخ گواہ ہے ۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی ۔

جس سرزمین پر 1931کے بعد ایسی بدترین دہشتگردی شب و روز جاری ہے جس کی تاریخ عالم میں کم ہی مثال پیش کی جاسکتی ہے ۔ پاکستان میں بھی دہشتگردی کا راج تھا اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اندرونی ٬ بیرونی ٬سٹیٹ نان سٹیٹ ایکٹرز جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے تھے لیکن انہیں اپنی جان قربان کرکے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانے کی جستجو نے واپس وطن لایااور 18اکتوبر کو بم دھماکوں کے ذریعے 150انسانوں کو موت کی آغوش میں دھکیل دیا گیا اس کے باوجود محترمہ بینظیر بھٹو نے امن و آتشی کا سفر جاری رکھا اور لیاقت باغ جلسہ عام میں خطاب کے دوران اور جاں جان آفریں سپرد کرنے سے قبل اعلان کیا تھا کہ پاکستان کو میں بچائوں گی ٬ آپ بچائیں گے اور سوات پر پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے ۔

یہ ہوتی ہے قیادت اور یہ ہوتا ہے اس کا لافانی کردار ٬ بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردی کے خلاف علم بغاوت بلند کرکے دراصل عملاً آپریشن ضرب عضب کو کامیابی کی بلندیوں پر پہنچانے کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2018میںہونے والے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی چاروں صوبوں سے واضح برتری حاصل کرکے حکومت قائم کرے گی اور بلاول بھٹو اپنی عظیم والدہ کی طرح پاکستان کے ہی نہیں دنیا بھر کے کم عمر ترین وزیراعظم منتخب ہوکر عالمی ریکارڈ مرتب کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :