مسئلہ کشمیر کا اجاگر کرنے پر مشتاق الاسلام کا خیرمقدم

پیر 17 اکتوبر 2016 17:23

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں شبیر احمدڈار٬ محمد اقبال میر٬محمد آحسن اونتو٬ امتیاز احمد ریشی اور غلام نبی وار نے حالیہ انتفادہ کے دوران انٹرنیشنل فورم فارجسٹس کے نمائندے مشتاق الاسلام کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اہم کردار ادا کرنے پر ان کا خیرمقدم کیا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوںنے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ مشتاق الاسلام نے کشمیر میں بھارتی فورسز کے ظلم وتشدداورقتل غارت کے خلاف مظلوم کشمیری عوام کے حق میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے نمایاں کردار کیا جو کہ ایک حوصلہ افزاء اقدام ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے احتجاج میں شامل تمام لوگوں کابھی شکریہ ادا کیا ۔

حریت قائدین نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے پاکستان میں موجود تمام نمائندے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے میں اپنا بھر پور تعاون پیش کریں تاکہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال کرے۔انہوںنے کہاکہ بین الاقوامی سطح پرمثبت سیاست اور سفارتکاری کا تقاضہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اسکے تاریخی پس منظر میں حل کیاجائے تاکہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے ۔

انہوںنے کہاکہ ہمارے جوان جس عزم اور نظم سے تحریک آزادی کو آگے بڑھارہے ہیں اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاکر عنوان آزادی رقم کررہے ہیں اسکا بھی تقاضہ ہے کہ قوم یکسوئی اور جدوجہد آزادی جاری رکھے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے ۔حریت رہنمائوںنے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی اورکہاکہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی اور ظلم وتشدد کے ذریعے جموںوکشمیر پر اپناغیر قانونی فوجی تسلط جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوںنے مقبوضہ علاقے میں مسلسل گرفتاریوں ٬ قتل عام ٬ چھاپوں اور ظلم و تشدد کی بھی شدید مذمت کی۔