اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کے عوام کا فطری حق ہے ٬ نور الباری

پیر 17 اکتوبر 2016 15:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کے عوام کا فطری حق ہے ٬اقتصادی راہداری کے فوائد سے گلگت بلتستان کے عوام کو محروم نہ رکھا جائے بلکہ ان فوائد سے یہاں کے عوام کو بھی مستفید کیا جائے٬ان خیالات کااظہار انہوں نے گلگت بلتستان جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل نظام الدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا٬گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل نظام الدین نے قائمقام امیر نورالباری کو گلگت بلتستان کے مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان میں لوڈ شیڈنگ اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے سابقہ حکومت کی طرف سے دئیے گئے پیکج کی وجہ سے مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں مزید اضافہ ہوا ہے میرٹ کی پامالی فیشن بن چکا ہے اس موقع پر قائمقام امیر جماعت اسلامی نورالباری نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی وجہ سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بے روزگاری میں کمی آئے گی اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان اقتصادی راہدار ی کے حوالے سے گلگت بلتستان میں تین زون قائم کیے جائیں تا کہ یہاں کی پسماندگی بھی دور ہو سکے ٬انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختوانخواہ کی حکومتیں کاغان ویلی روڈ جو بابو سر سے ہو کر گزرتی ہے اس کی سیکورٹی کا انتظام کریں تا کہ یہاں لوگ سفر کر سکیں اور ڈاکہ زنی سے محفوظ رہ سکیں ٬نورالباری نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت مسائل کی نشاندہی کرنے والوں کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بنانے کے بجائے ان کے مسائل سنے جائیں اور ان کو حل کیا جائے ٬انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کی اکائی ہے ریاست کے آزاد حصوں کو باہم آئینی طور پرمربوط ہو نا چاہیے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی کونسل اور صدرایک ہونا چاہیے کونسل میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی برابر نمائندگی ہو ۔

متعلقہ عنوان :