برہان وانی کی شہادت نے کشمیر ی عوام میں نئی روح پھونک دی ہے ‘ سردار فاروق طاہر

پیر 17 اکتوبر 2016 15:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2016ء)آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین کے آزاد کشمیر اسمبلی و کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل کیلئے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالات تیزی سے بدل رہے ہیں ۔ برہان وانی شہید کی شہادت نے کشمیر ی عوام میں نئی روح پھونک دی ہے ۔

بھارتی افواج کے سنگین مظالم کا کشمیری عوام بے جگری سے مقابلہ کر رہے ہیں ۔ ان حالات میںمشترکہ اجلاس سے مظلوم کشمیری بھائیوں کو انتہائی مثبت پیغام گیا ہے ۔ آزادی کی تحریک کو تقویت پہنچی ہے ۔ سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف بین الاقوامی برادری کی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تائید حاصل کرنے کی بھرپور کاوشیں کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اُنھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی و کشمیر کونسل کی طرح پاکستان کی نیشنل اسمبلی و سینٹ نے بھی کشمیری عوام کے حق میں قرار داد پیش کی اورپاس کی ہے ۔ اُنھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام تر اختلافات کو بھلا کر ملک پاکستان کے استحکام اور کشمیر کی آزادی کیلئے مل کر کردار ادا کیا جائے تاکہ مظلوم کشمیر ی عوام کو آزادی کا پیدائشی حق مل سکے۔