بھارت نواز نیشنل کانفرنس کا مسئلہ کشمیر کے حل بارے نواز شریف کے بیان کا خیرمقدم

امید ہے بھارتی حکومت بھی مذاکرات کی پیش کش پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی٬ ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال

پیر 17 اکتوبر 2016 14:37

سرینگر17اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2016ء) مقبوضہ میں بھارت نواز نیشنل کانفرنس نے وزیر اعظم پاکستان کے حالیہ بیان کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تنازعہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل کیلئے تیار ہے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک نیک شگون قراردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے سرینگر میںپارٹی عہد داران اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بھارتی حکومت بھی نوازشریف کی مذاکرات کی پیش کش پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی ۔

انہوںنے بھارتی قیادت سے کہاکہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدارحل کیلئے ٹھوس اور واضح پالیسی اختیار کریں تاکہ اس دیرینہ تنازعے کو بات چیت کے ذریعے پر امن طورپرحل کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

شیخ مصطفی کمال نے کہاکہ بھارت اور پاکستان دونوں ملکوں کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جلد از جلد مذاکراتی عمل شروع کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوںنے کہا کہ کشمیر ایک سیاسی تنازعہ ہے جسے سیاسی طورپر مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر ہی دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان تعلقات کی بہتری میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ انہوںنے وزیرا عظم پاکستان کے بیان کو نیک شگون قراردیتے ہوئے بھارتی حکومت پر زوردیا کہ وہ اس سلسلے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تاکہ کشمیری عوام جو مسلسل بھارتی ظلم و تشدد اور قتل عام کا نشانہ بن رہے ہیں کومظالم اور مشکلات سے نجات مل سکے ۔