برطانیہ مسئلہ کشمیر کا گواہ ہے اس کی ذمہ داری بنتی ہے وہ اس تنازعہ کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے‘عبدالرشید ترابی

یورپی برادری انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارت پر دبائو بڑھائے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق فراہم کرے

پیر 17 اکتوبر 2016 14:12

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی٬کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر کا گواہ ہے اس کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس تنازعہ کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے٬نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم کی انتہا کر دی ہے یورپی برادری انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارت پر دبائو بڑھائے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق فراہم کرے٬مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تنازعہ نہیں بلکہ سوا کروڑ انسانوں کے بنیادی حق کا مسئلہ ہے ٬برطانیہ کے ممبران پارلیمنٹ اور کونسلرز مسئلہ کشمیر کو ایوانوں میں اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں٬ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام ممبران پارلیمنٹ اور کونسلرز کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا٬اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب٬تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی٬ممبر ان پارلیمنٹس جن میں خالد محمود٬عمران حسین٬شبانہ محمود اور کونسلرزاور خواجہ سلمان نے خطاب کیا٬کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے 8لاکھ افواج کھیتوں اور کھلیانوں کو نذر آتش کررہی ہیں ٬پیلٹ گنوں جیسے ممنوعہ ہتھیاروںسے نوجوانوں کو بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے ٬ہزاروں لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے٬110دن سے مسلسل کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے کاروبار تباہ ہو گئے ہیں ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء ختم ہو چکی ہیں دودھ پینے والے بچے شدید مشکلات کا شکار ہیں سکول کالجز اور یونیورسٹیاں بند ہیں ٬سکولوں کو چھاونیوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے ٬قابض افواج کو رات کو بستیوں کو گھیرائو کر کے بے پنا ہ مظالم ڈھا رہی ہے ان حالات میں عالمی برادری اور با الخصوص برطانیہ اور یورپی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے٬انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ممبران پارلیمنٹ اور کونسلرز اس مسئلے کو ایوانوں میں اٹھائیں وہ اسے قبل بھی اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں لیکن اب مزید آگے بڑھ کر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ٬برطانیہ میں مقیم تارکین وطن کشمیریوں کے سفیر بن کر اس مسئلے کو یہاں ہر سطح پر اجاگر کریں ٬مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آزاد کشمیر پاکستان یا مقبوضہ کشمیر سے کوئی بھی لیڈر آتا ہے تو اس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ٬سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر کشمیر کی آزادی کے ایجنڈے کو سپورٹ کریں ایک دوسرے پر تنقید کے بجائے جو بھی اور جس سطح پر بھی کوئی کردار ادا کررہا ہے اس کی حوصلہ افزائی کریں تا کہ یہ مسئلہ متفقہ طور پر آگے بڑ ھ سکے٬انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد ایک نئے انداز سے اٹھا ہے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر نے اپنی اپنی سطح پر بھرپور موقف کا اظہار کیا ہے ٬انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں ہر محاذ پر کام کرنے کی ضرور ت ہے پارلیمنٹ کے سطح پر لوکل کونسلرز کی سطح پر سول سوسائٹی کی سطح پر میڈیا کی سطح پر ٬دانشوروں کی سطح پر تا کہ برطانیہ کا ہر ذمہ دار شعبہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ ہو اور اپنا کردار ادا کرے٬اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو پورے یورپ میں اجاگر کیا جائے گا اور یہاں کے عوام کو اس مسئلے پر لوگوں کو حالات سے آگاہ کیا جائے اور عوام کو کشمیریوں کی پشت پر لایا جائے گا ٬کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اس کو محدود سطح پر نہ رکھا جائے بلکہ بھارت اور اس کے نام نہاد جمہوری چہرے کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے برطانیہ کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے کونسلروں اور ممبران پارلیمنٹس کا شکریہ ادا کیا٬کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سٹاپ دی وار کی صدر سلمہ یعقوب نے کہا کہ کشمیرمیں بھارت بے شمار مظالم ڈھا رہا ہے ہماری تنظیم اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گی٬اس موقع پر 100سے زائد کونسلرز نے کنونشن میں شرکت کی اور کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مشترکہ طور پر کہا کہ وہ اس سے قبل بھی پارلیمنٹ کے اندر مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی آگے بڑھ کر اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے انہوں نے مشترکہ طور پر کہا کہ برطانیہ کے نیچے شہروں تک ہم اپنا کردار پہلے بھی ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔