ظلم وجبراور ماردھاڑ سے آزادی پسند رہنمائوں یا کشمیری عوام کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا٬ تحریک حریت

پیر 17 اکتوبر 2016 14:06

سرینگر17اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2016ء)مقبوضہ کشمیر میںتحریک حریت جموں وکشمیر نے پارٹی رہنمائوں محمد یوسف فلاحی اور محمد شعبان ڈار کے گھروں پر بھارتی فورسز کے چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد یوسف فلاحی کوئی مجرم نہیںبلکہ ایک سیاسی اور سماجی رہنما ہیں جنہوںنے رواں جدوجہد کے دوران پُرامن جلسوں کی قیادت کی۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ اور بھارتی فورسزعوامی انقلاب سے خوفزدہ ہیں اسی لیے سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیںاور چھاپوں کے دوران بھارتی فورسز لاقانونیت اور بداخلاقی کا کھلم کھلا مظاہرہ کرتے ہوئے مکانوں کے دروازے٬ شیشے٬ کھڑکیاں اور گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھونس ودباؤ٬ ظلم وجبر٬ تشدد اور ماردھاڑ سے آزادی پسند رہنمائوں یا عوام کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا بلکہ بھارتی فورسز عوام پرجتنے مظالم ڈھائیں گے٬ عوام کے دلوں میں بھارت کے لیے اتنی ہی زیادہ نفرت پیدا ہوگی جس کا مظاہرہ جموںو کشمیر کے چپے چپے پر ہورہا ہے۔ انہوں نے بلاجواز چھاپوں٬ گرفتاریوں اور توڑ پھوڑ کی کارروائیوں کو روکنے اور تمام گرفتار افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ گرفتاریوں٬ چھاپوں اور توڑ پھوڑ کے خلاف عوامی مزاحمت حق بجانب ہے۔دریں اثناء تحریک حریت جموں وکشمیر نے ہندواڑہ کے علاقے شاٹح بالا ماور میں ایک ریلی منعقد کی جس سے بشیر احمد قریشی اور عبدالاحد تیلی نے خطاب کیا۔