بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے حریت قیادت سے مذاکرات کرے٬ بھوشن بزاز

پیر 17 اکتوبر 2016 14:06

نئی دلی17اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2016ء) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم کے سربراہ پنڈت بھوشن بزاز نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے حریت قیادت کے ساتھ مذاکرات کرے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھوشن بزاز نے جے پور میں ’’مسئلہ کشمیرکے پر امن حل ‘‘کے موضوع پر ایک سیمینار اور مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہندو اور مسلمانوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے اور وہ ہر شعبے میں ایک دوسرے کا مکمل ساتھ د ے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 26برسوں کے دوران ریاست کا ہر باشندہ کسی نہ کسی طور پر متاثر ہوا ہے لیکن اس کا کوئی بھی اثر ہندو مسلم برادری پر نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کے باوجود کہ پنڈت برادری ریاست میں اقلیت میں ہے لیکن انہیں کبھی بھی مسلم اکثریت سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا۔انڈین ڈیموکرٹیک فرنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میںپروفیشنلز ٬ صحافیوں ٬ وکلاء ٬ ادیبوں اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوںنے شرکت کی ۔