سوپور میںنوجوانوں کی گرفتاریوںکے خلاف احتجاجی مظاہرہ

گاندربل میں احتجاجی جلوسوں میں شرکت پر ماں کے بدلے بیٹا گرفتار

پیر 17 اکتوبر 2016 13:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز نے ضلع بارہمولہ کے قصبہ سوپور میں بٹہ پورہ ٬ شیر کالونی اور ہاتھی شاہ کے علاقوں میں بیشتر رہائشی مکانوںپر چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق گرفتار افراد پر احتجاجی جلوسوں میں شرکت کرنے اور بھارتی فورسز پر پتھرائوکرنے کا الزام لگایاگیاہے۔

بھارتی فورسز نے ہفتے کوشیر کالونی سے 5 ٬ہاتھی شاہ سے 2 اور بٹہ پورہ سی2 افرادکو گرفتارکیا ہے۔ قصبے کے بیشتر علاقوں میں نوجوانوں کی مسلسل گرفتاریوں اور مکانوں کی توڑ پھوڑ کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔سوپور کے علاقے آرمپورہ میں بھی نوجوانوں نے گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسزنے مظاہرین کو منتشر کر نے لئے فائرنگ کی اور ٹیر گیس کے گولے داغے ۔

بھارتی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ دریں اثناء ضلع گاندربل کے علاقے بی ہامہ میں بھارتی پولیس نے ماں کے بدلے بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے۔ احتجاجی تحریک کے دوران خواتین کے جلوسوں کوروکنے کے لیے پولیس نے بی ہامہ میں چھاپہ مار کر ماں کے بدلے اس کے بیٹے بشارت احمد پرہ کو گرفتار کیا جو نہ کسی احتجاجی مظاہرے کا حصہ بنا اور نہ کسی پتھر بازی میں ملوث ہے۔بشارت کی والدہ نے خود کو تھانے میں پیش کرکے بیٹے کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا تو ان کو تھانے سے باہر نکال دیا گیا اوربشارت مسلسل نظربند ہے۔