خطہ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے‘ زبیر احمد راجہ

پیر 17 اکتوبر 2016 12:56

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء زبیر احمد راجہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال گولہ باری سیز فائر معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی ہے۔ بھارتی آرمی چیف اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اشتعال انگیز بیانات جنگ کی دعوت دینے کے مترادف ہیںلائن آف کنٹرول پر پائی جانے والی کشیدگی میں اضافہ کرکے انڈیا کشمیریوں کو ڈرانا چاہتا ہے۔

کشمیری توپ و تفنگ کی گونج اور گرج سے ڈرنے والی قوم نہیں۔ اب کی بار اگر جنگ شروع ہوئی تو عالمی امن تباہ ہوجائے گا۔ اس جنگ کی لپیٹ میں صرف پاک و ہند ہی نہیں بلکہ پوری دنیا آئے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجاہدین کشمیر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔زبیر احمد راجہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ خطہ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں کی مرضی کے بغیر ممکن ہے نہ ان پر کوئی ناقابل قبول حل مسلط کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ تقسیم ہند کے ساتھ ہی پیدا ہو گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھا ہے سرحدی علاقوں اورلائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اگر بھارت نے اپنی جارحیت اور شرانگیزی بند نہ کی تو بھارت کو ہر طرح کا جواب دینے کیلئے کشمیری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوںکی پشت پناہی بھی کر رہاہے۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دبانے کیلئے نہتے کشمیریوں پر بدترین بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائی جائے ۔