بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں‘ راجہ کامران منظور

پیر 17 اکتوبر 2016 12:56

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے اوورسیز رہنماء راجہ کامران منظور نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بننے کے خواب بعد میں دیکھیں پہلے اپنی پارٹی کو پاکستان میں مضبوط کریں جب تک پاکستان میں ان کی پارٹی مضبوط نہیں ہوگی وہ وزیراعظم کی کرسی پر نہیںبیٹھ سکتے جبکہ وزیراعظم بننے کیلئے الیکشن لڑنا پہلی اور سب سے بڑی شرط ہے حقیقت میں بلاول بھٹو زرداری کی پارٹی اب ایک صوبے تک محدود ہو کر رہ گئی انہیں وزیراعظم بننے کی بجائے پارٹی کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے ۔

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے نئے نویلے چیئرمین جوش خطبات میں ایسے الفاظ کہہ دیتے ہیں جو عوام کے اندر اضطراب پیدا کر دیتے ہیں ان کے سابقہ بیانات اور حالیہ بیانات کا تقاضا کیاجائے تو اس سے واضح ہو جاتا ہے وہ ابھی سیاست میں انتہائی معصوم ہیں جبکہ معصومانہ گفتگو کے قائل بلاول بھٹو زرداری کی ایسی باتوں کو نہ مسلم لیگ ن سنجیدہ لیتی ہے اور نہ آئندہ لے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ایک مدبر اور سیاسی بصیرت رکھنے والے لیڈر ہیں جن پر پورے پاکستان کی عوام اعتماد کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج پورے پاکستان میں میاں محمد نواز شریف کے چاہنے والے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 2018ء کا الیکشن بھی مسلم لیگ ن بھارتی اکثریت سے جیت کر پاکستان میں ایک تاریخ قائم کرئیگی اور تاریخ ساز حکومت دوبارہ تشکیل دینے میں کامیاب ہو گی اس لیے ان ننھے کھلاڑیوں اور جیالوں کو چاہیے کہ وہ تاحال وزیراعظم بننے کا خیال دل سے نکال دیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری سیاست کی ’’الف بے ‘‘سے لاعلم ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جوش خطبات میںکہے الفاظ پورے پاکستان کے عوام کیلئے ایک مذاق بن جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر ٬ پاکستان کے چاروں اور گلگت بلتستان پرکے عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے ۔