آزاد کشمیر ایسو سی ایشن آف دی بلائنڈ کے وفد کی صدیق الفاروق سے ان کے بیٹے کی وفات پر تعزیت

پیر 17 اکتوبر 2016 12:56

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2016ء)آزاد کشمیر ایسو سی ایشن آف دی بلائنڈ کے ایک وفد نے پروفیسر محمد الیاس ایوب کی زیر قیادت چیئرمین متروقہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق سے ملاقات کی ملاقات میں ان کے جواں سال بیٹے کی موت پرتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی اسی دوران صدر اکاب نے صدیق الفاروق کو اکاب سکول کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور اکاب سکول کے مسائل اور وسائل بھی زیر بحث آئے۔

صدر اکاب نے صدیق الفاروق کو بتایا کہ اکاب سکول بے سروسامانی کی حالت میں شروع کیا جانے والا ادارہ ہے۔ جس نے اللہ تعالیٰ کی مدد احباب کے تعاون اور خاکسار کی شبانہ روز محنت کی وجہ سے ترقی کی منازل بہت تیزی سے طے کی ہیں اور اب یہ ادارہ آزاد کشمیر بالخصوص میرپور کی شناخت بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

صدر اکاب نے چیئرمین متروقہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق سے درخواست کی کہ وہ اکاب سکول تشریف لائیں اس پر صدیق الفاروق نے بخوشی یہ دعوت قبول کی اور کہا کہ میں بہت جلد اکاب سکول آئوں گا صدیق الفاروق نے مزید کہا کہ میرے بیٹے کی موت میرے لیے واقعی عزیم صدمہ ہے لیکن آپ جیسے باہمت افراد کو دیکھ کر ایسے بڑے بڑے صدمات برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔

آپ احباب میرے بیٹے کی بلندی درجات کے لیے اپنی دعائوں میں اسے یاد رکھیں۔وفد میں چیئرمین اکاب کنسٹرکشن کمیٹی٬ سہیل اپل اور ضلع میرپور کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت راجہ اعجاز دلاور بھی شامل تھے۔