آصف زرداری کی سلام شہدائے کارساز ریلی نکالنے پر بلاول بھٹو ٬پارٹی عہدیداروں٬ کارکنوں اور جمہوریت پسند عوام کو مبارکباد

اتوار 16 اکتوبر 2016 23:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے "سلام شہدائے کارساز" کی شاندار ریلی نکالنے پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری٬ پارٹی کے عہدیداروں٬ کارکنوں اور جمہوریت پسند عوام کو مبارکباد دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا شہدائے کارساز کو خراج عقیدت پیش کرنا یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کے عوام کی امنگیں اور خواہشیں جمہوریت کے ساتھ ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت کا ہراول دستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کارساز نے اپنے خون سے جمہوریت کی تحریک کو جِلا بخشی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکروں اور جمہوریت پسندوں نے بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دے کر جمہوریت کے حقیقی جذبے سے شہدائے کارساز کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔