’’پنجاب سپیڈ‘‘ پنجاب کا نہیں پاکستان کے 20 کروڑ عوام کا اعزاز ہے٬شہباز شریف

قوم کو اندھیروں سے نکالنے میں وزیراعظم اور وزیر اعلی کا کردار لائق تحسین ہے۔ ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کا پارٹی قیادت کو خراج تحسین

اتوار 16 اکتوبر 2016 22:40

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبہ بھر کے ضلع صدور اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس نے ملک کی ترقی٬ ترقیاتی منصوبوں کی بر ق رفتاری سے تکمیل اور قوم کو اندھیروں سے نکالنے میں وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ پارٹی عہدیداران نے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے اور ہماری قیادت عملی اقدامات کے ذریعے اس ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاجی سیاست کرنے والے بھی تیزرفتار ترقی سے خائف ہیں اسی لئے وہ منفی ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں لیکن پاکستان کے عوام وزیراعظم محمد نوازشریف سے والہانہ لگائو رکھتے ہیں اور ان کی اس منفی سیاست کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے بلکہ ایسے عناصر کا خود محاسبہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل٬ شفافیت اور معیار پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے۔

شہبازشریف جو کہتے ہیں وہ کر دکھاتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کا اعزاز حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب سپیڈ کا اعزاز ان کا نہیں بلکہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام کا ہے۔پارٹی عہدیداران نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے ساتھ کھیلنے والے ضرور ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی کاوشوں سے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور پاکستان کا قریہ قریہ روشن ہوگا۔پارٹی عہدیداران نے حمزہ شہبازشریف کی قیادت میں کام کرنے والے پبلک افئیر یونٹ کی عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے کارکردگی کو بھی سراہا۔ اجلاس میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :