غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے‘ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کی اقتصادی ٹیم کی کوششوں سے غیرملکی زر مبادلہ کے ذخائر 24 ارب 50 کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اتوار 16 اکتوبر 2016 21:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2016ء) موجودہ حکومت کی معاشی استحکام و نمو پر مبنی پائیدار پالیسیوں اور جامع اصلاحات کے نتیجے میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے‘ مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے سے قبل پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر محض چند ہفتوں کی درآمدی بل کے مساوی تھے تاہم وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں وفاقی وزیر خزانہ اور ان کی اقتصادی ٹیم کی کوششوں سے غیرملکی زر مبادلہ کے ذخائر 24 ارب 50 کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں جو 6 ماہ کے درآمدی بل کے برابر ہیں۔

غیر ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں سے 19.5 ارب ڈالر سٹیٹ بنک آف پاکستان اور 5 ارب ڈالر کمرشل بنکوں کے پاس ہیں۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہونے کے بعد مسلسل بڑھوتری کو ظاہر کرتے ہیں۔ مالی سال 2012-13ء میں پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کاحجم محض 11 ارب ایک کروڑ 96 لاکھ ڈالر تھا جن میں سے سٹیٹ بنک کے پاس 6 ارب اور 84 لاکھ ڈالر جبکہ دیگر بنکوں کے پاس 5 ارب ایک کروڑ 12 لاکھ ڈالر کے ذخائر تھے۔

موجودہ حکومت نے اس سلسلے میں متعدد پالیسی اقدامات و اصلاحات اور غیرملکی سرمایہ کاری کے حصول کے ساتھ ساتھ عالمی اداروں کے پروگراموں اور سرمائے کی منڈیوں میں بھی طویل عرصے بعد شمولیت اختیار کی جس کے انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں مالی سال 2013-14 میں پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کاحجم 14 ارب 14 کروڑ 11 لاکھ ڈالر ہوگیا جن میں سے سٹیٹ بنک کے پاس 9 ارب اور 9 کروڑ 75 لاکھ ڈالر جبکہ دیگر بنکوں کے پاس 5 ارب 4 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کے ذخائر تھے۔

مالی سال 2014-15 میں پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کاحجم 18 ارب 69 کروڑ 92 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جن میں سے سٹیٹ بنک کے پاس 13 ارب اور 52 کروڑ 57 لاکھ ڈالر جبکہ دیگر بنکوں کے پاس 5 ارب 17 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کے ذخائر تھے۔ مالی سال 2015-16 کے دوران بھی غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج اضافہ ہوتا گیا اور اگست 2015 میں پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کاحجم 18 ارب 47 کروڑ 16 لاکھ ڈالر ہو گیا جن میں سے سٹیٹ بنک کے پاس 13 ارب اور 45 کروڑ 92 لاکھ ڈالر جبکہ دیگر بنکوں کے پاس 5 ارب 1 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کے ذخائر ریکارڈ کئے گئے۔

اسی طرح مالی سال 2015-16 کے آخری ماہ یعنی جون 2016 میں پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 23 ارب 9 کروڑ 86 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے جن میں سے سٹیٹ بنک کے پاس 18 ارب اور 14کروڑ 27 لاکھ ڈالر جبکہ دیگر بنکوں کے پاس 4 ارب 95 کروڑ 59 لاکھ ڈالر کے ذخائر تھے۔ رواں مالی سال 2016-17 کے ابتدائی دو مہینوں کے دوران پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کم و بیش استحکام رہا تاہم پہلی سہ ماہی مکمل ہونے پر یہ 23 ارب 58 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے تھے۔ اب غیرملکی زر مبادلہ کے ذخائر مسلسل بڑھوتری کے نتیجے میں 24 ارب 50 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :