حافظ آباد٬ ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردو نوش کے قوانین پر عمل کی ضرورت ہے٬

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر حافظ آباد نعمان حفیظ

اتوار 16 اکتوبر 2016 20:31

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2016ء)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر حافظ آباد نعمان حفیظ نے کہا ہے کہ اپنی دینی اور اخلاقی اقدار کو پس پشت ڈال کر من حیث القوم ہم سب مادی مفادات کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور غیر معیاری٬ ملاوٹ شدہ اور جعلی اشیائے خور دو نوش کی تیاری اور فروخت کی ایک بڑی وجہ منافع کمانے کی حرص ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت بخش٬متوازن اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردو نوش ہر انسان کی ضرورت ہے اور اس بنیادی انسانی ضرورت تک با آسانی رسائی کے لئے بنائے گئے قوانین پر پوری سختی سے عمل در آمد کرانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے فوڈ اتھارٹی کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھادیا ہے اور ضلع حافظ آباد میں بھی اشیائے خوردو نوش کے معیار کی چیکنگ کے لئے 14فوڈ انسپکٹر مقرر کئے گئے ہیں جو ہو ٹلوں٬ بیکریوں میں تیار کئے جانے والے کھانوں اور اشیائے کے معیار ی ہونے کی یقینی بنانے کے ذمہ دار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ورلڈ فود ڈے کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا اہتمام فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے کہا تھا جبکہ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم شاہین٬ ای ڈی او زراعت محمد یوسف چہل٬ محکمہ فوڈ ٬ صحت اور زراعت کے افسران ٬ ہوٹل اور بیکری مالکان اور این جی او ز کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اے ڈی سی نے کہا کہ آج کا دن منانے کا مقصد صحت بخش٬ محفوظ اور متوازن خوراک کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے ساتھ اُس تک ہر ایک کی رسائی کے سلسلہ میں شعورو آگاہی فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن اور حدیث میں حلال٬ طیب رزق کی اہمیت کو صراحت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے اور ملاوٹ کرنے واکے کو سخت وعید سنائی گئی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم شاہین ای ڈی اوزراعت محمد یوسف چہل٬ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ رانا محمدارشاد اور ڈسٹرکٹ سینٹری انسپکٹر ارشاد اللہ نے ورلڈ فوڈ ڈے منانے کی غرض و غایت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے ضروری ہے کہ ہر شخص کو متوازی٬ صاف ستھری اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردو نوش دستیاب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ملاوٹ شدہ ٬ غیر معیاری اور جعلی اشیاء کے خوردو نوش کے مضر اثرات اور انکے استعمال سے لا حق ہونے والی بیماریوں سے بچانے کے لئے فوڈ اتھارٹی کے ساتھ جدید فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹی بھی بنائی گئی ہے اور ضلعی سطح پر بھی مو ثر کریک ڈائون کے ذریعے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل در آمد کروایا جا رہا ہے۔