حافظ آباد٬ کام چور افسروں اور ملازمین کی ضلع میں اب کوئی جگہ نہیں ہے٬

ڈی سی او محمد علی رندھاوا

اتوار 16 اکتوبر 2016 20:31

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2016ء) ڈسٹرکٹ کوارد نیشن آفیسر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ کام چور افسروں اور ملازمین کی ضلع میں اب کوئی جگہ نہیں ہے اور بلند بانگ دعوئوں کے بجائے سبھی محکموں کو عوامی ریلیف کی فراہمی اور حکومت کے ترقیاتی ٬ فلاحی ایجنڈے پر عمل در آمد کے حوالے سے ٹھوس اور وا ضح کا رکردگی دکھانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کا اصل کام عوام کو سہولت فراہم کرنا اور اُنکے روز مرہ مسائل کا فوری حل یقینی بنانا ہے جس کے لئے تعلیم٬ صحت٬ ٹی ایم اے اور پبلک سروس ڈیلیوری پر مامور دیگر محکموں کو پوری طرح فعال اور متحرک کر دیا گیا ہے اور انشاء اللہ بہت جلد عوام تجاوزات کے خاتمے ٬ صفائی ٬دفاتر میں حاضری اور دیگر امور کے سلسلہ میں واضح بہتری دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ وہ پلان بنانے کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اور میڈیا کے تعاون سے ضلع کو ہر لحاظ سے پنجاب کا ماڈل ضلع بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔اُنہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پریس کلب حافظ آباد کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔چیئر مین پریس کلب چودھری امتیاز احمد تاج٬ بزرگ صحافی رانا محمد یوسف وحید٬سابق چیئرمین میاں محمد صدیق بھٹی٬رانا محمد سعید سمیت کلب کے دیگر اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈی سی او نے کہا کہ میڈیا کہ اہمیت ہر دور میں مسلم رہی ہے اور با لخصوص الیکٹرانک میڈیا کی ترقی نے عوامی مسائل کو اُجاگر کر کے اُنکے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ کو مزید متحرک اور فعال بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت تنقید اور اصلاح ہمیشہ کار کردگی میں بہتری کا باعث بنتی ہے اور وہ بھی ضلعی و صوبائی محکموں کی کارگردگی سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبرو ں سے رہنمائی لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی اور قومی مفاد کے لئے کام کرنا ہو گا اور ہر اُس شخص کا مدد گار بن کر اُس کو درپیش مسائل کو حل کرنا ہوگاجس کی کوئی سفارش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور اُنکی اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے بھی ہر ممکن اقدام کیا جائیگا ۔چیئر مین پریس کلب اور دیگر اراکین نے حافظ آباد تعیناتی پر ڈی سی او کو خوش آمدید کہتے ہوئے عوامی مسائل کے حل اور محکموں کی کار کردگی میں بہتری کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے ضلع کے اہم اجتماعی مسائل کی بھی نشاں دہی کی جس پر ڈی سی او نے کہا کہ اُنکے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :