جماعت اسلامی بلوچستان کی پنجگور سے کیسکو کے ایکسئین کے اغوا کی مذمت

حکومت بلوچستان انجینئر نصیب اللہ بلوچ کو جلد بازیاب کرانے کے لیے حرکت میں آئے ٬مطالبہ

اتوار 16 اکتوبر 2016 20:31

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل ہدایت الرحمان بلوچ نے پنجگور سے کیسکو کے ایکسئین انجینئر نصیب اللہ بلوچ کے اغوا کی مذمت اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت بلوچستان انجینئر نصیب اللہ بلوچ کو جلد از جلد بازیاب کرانے کے لیے حرکت میں آئے معصوم افراد کا اغواء لمحہ فکریہ ہے حکومت عوام کی جان ومال کی حفاظت میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔

اغواء کاکاروبار کامیاب بنانے میں حکومتی نااہلی شامل ہیں۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ ایکسیئن کسیکو کا اغوا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ انجینئر ز قوم کا سرمایہ ہیں ۔ ایکسیئن نصیب اللہ بلوچ کے اغوا سے انجینئرز کمیونٹی سخت تذبذب کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

کئی روز گزر جانے کے باوجود ایکسیئن کسیکو پنجگور کا بازیاب نہ ہونا اس بات کی غمازی کرتاہے کہ ارباب اقتدار و اختیار کی اپنی اپنی ترجیحات ہیں ۔

بڑے لوگوں کے عزیز و اقارب لاپتہ اور اغوا ہو جائیں تو پورے ملک میں سیکورٹی ٬قانون نافذکرنے والے ادارے حرکت میں آجاتے ہیں لیکن عام آدمی اغوا ہو جائے تو کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی امن کے قیام ٬ظلم کے خلاف اورمظلوم کیساتھ مدد کیلئے جدوجہد کرتی رہیگی ایکسیئن نصیب اللہ بلوچ کی بازیابی کے لیے بھی جماعت اسلامی ہر فورم پر آواز بلند کرے گی ۔انہوںنے کسیکو انتظامیہ اور نصیب اللہ بلوچ کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ مصیبت اور دکھ کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی آپ کے شانہ بشانہ ہے ۔