درآمد شدہ ایل این جی سے سی این جی سٹیشنز کو گیس فراہم کی جائے گی٬ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل

اتوار 16 اکتوبر 2016 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2016ء) وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل آئندہ موسم سرما کے دوران سی این جی سٹیشنز کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے اور درآمد شدہ ایل این جی سے سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی کی جائے گی۔ وزارت کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ گیس کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے خاص طور پر درآمد شدہ ایل این جی کی آمد اور 84 نئی آئل اینڈ گیس فیلڈز کی دریافت کے بعد اس موسم سرما میں گذشتہ سالوں کے مقابلہ میں سپلائی بہتر ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت موسم سرما کے عروج پر طلب و رسد کے مابین گیپ کو کم کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے جبکہ ضرورت کے مطابق لوڈ مینجمنٹ پر بھی توجہ رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گھریلو٬ کمرشل٬ صنعتی پاور٬ فرٹیلائزرز اور سی این جی سیکٹرز کو بلاتعطل گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ آئل اینڈ گیس کی نئی دریافتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں میں تیل و گیس ایکسپلور کرنے والی کمپنیوں نے گذشتہ تین سال کے دوران 84 نئی دریافتیں کی ہیں جس کے نتیجہ میں ہر روز تقریباً 631 ملین کیوبک فٹ گیس اور 27 ہزار 359 بیرل کروڈ آئل کی پیداوار سسٹم میں داخل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال قطر سے ایل این جی امپورٹ کے معاہدے پر دستخط کے بعد ریگولر بنیادوں پر ملک میں ایل این جی کی درآمد کے باعث درآمد شدہ ایل این جی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو توانائی کے بحران سے نکالنے کیلئے 800 ارب روپے مالیت کے گیس سے متعلق مختلف منصوبے شروع کئے ہیں جس کے نتیجہ میں 2018ء میں پاکستان کے پاس اضافی گیس ہو گی۔

متعلقہ عنوان :