تاجر برادری کسی صورت دکانیں شام 7بجے بند نہیں کرینگی‘حکومت ناقابل عمل اور فہم پالیسیاں مرتب کر کے تجارتی سرگرمیوں کو مفلوج کر رہی ہے ‘سندھ حکومت نے زور زبردستی کی تو تاجر برادری کی جانب سے مزاحمت کی جائے گی

سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے یکم نومبر سے تجارتی مراکز شام 7بجے بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا

اتوار 16 اکتوبر 2016 20:20

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2016ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے یکم نومبر سے تجارتی مراکز شام 7بجے بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری کسی بھی صورت دکانیں شام 7بجے بند نہیں کرینگی٬ اگرسندھ حکومت نے زور زبردستی کی تو تاجر برادری کی جانب سے مزاحمت کی جائے گی۔ حکومت ناقابل عمل اور ناقابل فہم پالیسیاں مرتب کر کے تجارتی سرگرمیوں کو مفلوج کر رہی ہے اس طرح کے اقدامات سے معیشت ٬ تجارت اور کاروبار کو زیادہ نقصان پہنچے گا۔

حکومت فوری طور پر اپنا فیصلہ واپس لیکر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حاجی غلام شبیر بھٹو٬ عبدالستار راجپوت٬ شکیل قریشی٬ پرویز چنہ٬ شریف ڈاڈا٬ ظہیر بھٹی٬ بابو فاروقی٬ رئیس قریشی٬قادر شیوانی٬ احسان بندھانی٬ بابا جھنڈے شاہ٬ منیر میمن٬ معراج وارثی ٬ فخر الدین عباسی٬ اعظم اعوان٬ صداقت خان٬ و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے ناقابل عمل فیصلوں کی وجہ سے تاجر برادری میں شدید تشویش کی لہر دوڑ چکی ہے٬ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر٬ صلاحکار فضول تجاویز دیکر نئے سے نئے مسائل کھڑے کرکے تاجروں کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں٬ تجارتی مراکز شام 7بجے بند کرنے پر عملدرآمد کسی صورت ممکن نہیں کیونکہ زیادہ تر تجارتی سرگرمیاں شام کے بعد ہی بہتر انداز سے شروع ہوتی ہے ٬ اس طرح کے اقدامات سے بیرون شہر سے آنیوالے خریداروں کو شدید پریشانیوں اور مشکلاتوں کا سامنا کرنا پڑیگا۔

لہٰذا سندھ حکومت اپنے اعلان کو فوری طور پر واپس لیکر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے اوراگر حکومت کی جانب سے تجارتی مراکز شام 7بجے زبردستی بند کرانے کی کوشش کی گئی تو تاجر برادری اس کی بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے شدید احتجاج پر مجبور ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :