مہاجروں کو غلام بننے نہیں دیں گے٬مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر

اتوار 16 اکتوبر 2016 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2016ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر نہ تو مال غنیمت ہے جنہیں لوٹا جاسکے اور نہ ہی مہاجروں کو غلام بنایا جاسکتا ہے۔ پیپلزپارٹی کی ذیلی تنظیمیں پیدا گیری کرنے والوں کو مہاجروں پر مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کراچی کے مہاجر نوجوانوں کو دہشت گردی ٬ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری پر لگانے والوں کو قوم بے نقاب کرے اور انہیں اس عمل کی سزا دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

علم مہاجروں کو میراث ہے اور اسلحہ ان کیلئے زہر قاتل ۔انہوں نے کہاکہ مہاجر تعلیم یافتہ اور تہذیب یافتہ قوم ہے ۔ اور وہ یہاں مہمان بن کر نہیں بلکہ معمار بن کر آئے تھے۔ اور مہاجروں نے ہی کراچی سمیت سندھ کے شہروں کی دن رات تعمیروترقی کرکے انہیں گل وگلزار بنایا ہے لیکن مہاجر قیادت کے نام نہاد دعویداروں نے کچھ مہاجر نوجوانوں کو غلط راہ پر ڈال کر پوری قوم کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے لیکن تاریخ شاہد ہے کہ کبھی قوم غلط نہیں ہوتی بلکہ کچھ لوگ تو غلط ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گرد کسی بھی قوم سے تعلق رکھتے ہوں وہ ناقابل معافی ہیں۔ اور جب تک معاشرے کو دہشت گردی اور بھتہ خوری سے پاک نہیں کیا جائے گا اس وقت تک بہتری نہیں آسکتی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کی ترقی ہی ملک کی خوشحالی ہے ۔ لیکن متعصب صوبائی حکومت کراچی کی ترقی کے نام پر کراچی کو نہ صرف اس کے جائز حقوق سے محروم کررہی ہے بلکہ کراچی میں رہنے والے مہاجروں کو نئی نئی مشکلات اور مصائب سے دوچار کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ MIT سندھ کے مہاجروں کو لاوارث نہیں ہونے دے گی ۔ مہاجروں کو ملازمت سے لے کر کاروبار تک تحفظ فراہم کرانے کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر ہم خیال جماعتیں اور مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوںمیں موجود مہاجر قائدین و کارکنان مہاجروں کے ساتھ کئے جانے والے مظالم پر آواز بلند کریں اور اس سلسلے میں مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ اس لئے کہ کچھ مہاجر دشمن قوتیں چند افراد کی بداعمالیوں کو جواز بناکر پوری قوم کو اس کی سزا دینا چاہتے ہیں٬ لیکن وہ اپنے ناپاک مقاصد میں کامیاب نہیں ہوںگے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد کسی بھی قوم میں ہو وہ ناقابل معافی ہے۔

متعلقہ عنوان :