وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے٬ رضا نصراللہ گھمن

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:54

فیصل آباد۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما ایم پی اے چوہدری رضا نصرالله گھمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمدنواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور عوام حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں جس کا واضح ثبوت حالیہ ماہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ( ن ) کی بے مثال جیت ہے ۔

وزیر اعلی کے دلیرانہ فیصلوں کے باعث پنجاب بھر میں صنعتوں کا جال بچھا دیا گیا ہے جس سے روزگار کے بہترین مواقع پیدا ہونگے اور غربت میں یقینی کمی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنے کا اعلان سیاسی ناپختگی ہے وفاقی دارالحکومت کو بند کرنا ملکی معیشت کو مفلوج کرنے کے مترادف ہے عمران خان اب قوم کو معافی دیں اور آئے روز دھرنے اور احتجاج کی سیاست کو ختم کرکے ملکی ترقی‘ استحکام‘ عوامی خوشحالی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

مخصوص نشستوں کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن ہی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور اس کے بعد تمام بلدیاتی اداروں میں چیئرمین‘ وائس چیئرمین‘ میئر ‘ ڈپٹی میئر بھی مسلم لیگ ن سے ہی ہونگے ۔اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنانے کیلئے نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں۔ اسلام آبادبندکرنے کااعلان کرکے عمران خان جو چاہتے ہیںان کی خواہش پوری نہیںہوگی کیونکہ جمہوریت محفوظ ہاتھوں میںہے۔

تحریک انصاف کی ناکام پالیسیوں پر اب ان کی اپنی پارٹی کے اندر پھوٹ پڑ چکی ہے اورتحریک انصاف آئندہ انتخابات میں موجودہ نشستوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے گی- عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں جس کے لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نیک نیتی کے ساتھ کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کی راہ میں روکاوٹ ڈالنے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا اورعوام 30اکتوبر کی کال پر کان نہیں دھریں گے۔