مشینری و گاڑیوں کی درست حالت میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے٬ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی اقتدار احمد نے کہا ہے کہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام تر دستیاب مشینری و گاڑیوں کی درست حالت میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ یہ بات انہوں نے میونسپل کمشنر اشفاق احمد ملاح کے ہمراہ سائٹ زون ورکشاپ میں گاڑیوں٬ کچرا گاڑیوں اور دیگر مشینری کی مرمت کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ ورکشاپ میں آنے والی تمام قسم کی گاڑیوں اور مشینری کے مرمتی کام تیز رفتاری سے مکمل کئے جائیں٬ خصوصاً ورکشاپ کے افسران اور ٹیکنیکل اسٹاف گاڑیوں اور دیگر پرزہ جات کی مرمت کا کام بروقت کریں۔ انہوں نے ڈرائیورز کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کو احتیاط سے استعمال کریں اور ان گاڑیوں اور مشینری کو جن میں جدید خود کارنظام موجود ہے ان کو بتائے گئے طریقہ کار کے مطابق آپریٹ کریں٬ اگر غیر ذمہ داری کی شکایت موصول ہوئی تو سخت کاروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔