الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کرانے پر 336 اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کر دی

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:07

اسلام آباد ۔5 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) الیکشن کمیشن نے 336 اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کی اپنے اور اپنے زیر کفالت افراد کے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہ کرانے پررکنیت معطل کر دی ہے٬ ۔ہفتہ کو گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی ۔ اس روز 12اراکین کی جانب سے گوشوارے جمع کرائے گئے ٬ اب تک1174 اراکین میں سے 823 اراکین نے اپنے گوشوارے جمع کرائے ہیں٬ الیکشن کمیشن کے ایڈیشن سیکرٹری فدا محمد اور ظفر اقبال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 82 سینیٹروں نے اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرائی ہیں جبکہ 22 سینیٹروں کی جانب سے تفصیلات کی فراہمی کا انتظار ہے۔

قومی اسمبلی کے 263 اراکین نے اپنے گوشوارے جمع کرائے ہیں جبکہ 66 نے ابھی تک گوشوارے جمع نہیں کرائے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے 371 میں سے 222 اراکین نے اپنے گوشوارے جمع کرائے ہیں۔ 137 اراکین کے گوشواروں کا ابھی تک انتظار ہے۔ سندھ اسمبلی کے 168 میں سے 49 اراکین نے اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے 124 میں سے 49 نے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں اور بلوچستان اسمبلی کے 65 سے 13 اراکین نے اپنے گوشوارے جمع نہیںکرائے ہیں۔

ہفتہ کی شام چار بجے تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کو بطور پارلیمنٹیرین کام سے روک دیا گیا ہے۔ قانون کے مطابق ہر سال 30 ستمبر تک یہ گوشوارے جمع کرانے لازمی ہوتے ہیں 15 اکتوبر تک گوشوارے جمع نہ کرا سکنے والے اراکین کو معطل کر دیا جاتا ہے یا وہ غیر فعال کر دیے جاتے ہیں۔ تاہم ان کی جانب سے گوشوارے جمع کرانے پر ان کی رکنیت بحال کر دی جاتی ہے۔