اسلام آباد کھلا رہیگا٬ عمران ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں‘طلال چودھری

کوئی سپریم کورٹ یا پارلیمنٹ کو بند کرنے کی خواہش رکھتا ہو تو قانون طاقت کے استعمال کی اجازت دیتا ہے‘گفتگو

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں تو سپریم کورٹ بھی ہے٬ کوئی سپریم کورٹ یا پارلیمنٹ کو بند کرنے کی خواہش رکھتا ہو تو قانون طاقت کے استعمال کی اجازت دیتا ہے۔ہفتے کے روزعمران خان کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ نون طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کو بند کرنے اور سول نافرمانی کے اعلانات کرتے آ رہے ہیں٬ اسلام آباد بند ہو گا تو پاکستان کو نقصان ہو گا۔

(جاری ہے)

طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان اس طرح کے اعلانات سے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں‘ یہ فیصلہ نواز شریف کا ہے کہ اسلام آباد کھلا ہے اور کھلا رہے گا۔طلال چودھری نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں تو سپریم کورٹ بھی ہے٬ کوئی سپریم کورٹ یا پارلیمنٹ کو بند کرنے کی خواہش رکھتا ہو تو قانون طاقت کے استعمال کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پھنے خان نہ بنیں٬ کسی مائی کے لال میں اسلام آباد بند کرنے کی ہمت نہیں ہے۔ طلال چودھری نے یہ بھی کہا کہ دھاندلی کا جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے پاناما کا سہارا لے رہے ہیں۔