فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سپیئریئر یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 19:27

لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سپیئریئر یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے ’’اقتصادی ترقی میں میڈیا کے کردار‘‘ کے عنوان سے خصوصی سمینار ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں منعقدکیا گیا۔ سیمینارمیں مقامی صحافیوں٬سماجی شخصیات٬کاروباری برادری اور طلباء طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کیا۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئر مین میاں رحمان عزیز نے کہا کہ معاشرے میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے٬میڈیا ایسی خبریں اور تجزیے دیں جس سے معیشت ترقی کرے اور بین اقوامی سطح پر مثبت پیغام جائے۔ انہوں نے مزیدکہا صحافت کسی بھی ریاست کا چوتھا ستون ہوتا ہے ٬ پاکستان کی معاشرتی اور اقتصادی ترقی میںمیڈیا کا کردار بہت اہم رہا ہے اور جمہوریت کی مضبوطی میں میڈیا نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا نے کاروبار٬ کاروباری برادری کے حقوق اور معیشت کی بہتری کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے ۔ لاہور چیمبر کے نو منتخب صدر عبدالباسط نے کہا کہ اقتصادی ترقی میں میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل رہا ہے۔انہوں نے کہا میڈیا کو ائیر ٹائم کا کچھ حصہ کاروباری پروگرام کے لئے مختص کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سی پیک کا حصہ بننے کا خواہشمند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا چھوٹے اور بڑے ڈیموں کی تعمیر پر زور دے اور اس حوالے سے پروگرام منعقد کروائے اور صحافیوں کو چاہئے کہ وہ مثبت رپورٹنگ کو فوقیت دیں۔اس موقع پر پنجاب کے پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٬رکن صوبائی ا سمبلی رانا محمد ارشد نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں میڈیا کا کردار نہایت مثبت اور اثر انداز رہا ہے۔ پاکستان اب معاشی طور پر ایک مضبوط ملک ہے اور دنیا بھر سے لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں ۔

میڈیا کو چاہئے کہ وہ دنیا میں پاکستان کا اچھا تاثر پیش کر کے اپنا فرض پورا کرئے۔ ایف پی سی سی آئی آر اینڈ ڈی کمیٹی کے چیئرمین منظور الحق ملک نے کہاکہ میڈیا کی بدولت ہمارے معاشرے اور اخلاقیات میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور کاروباری برادری نے ہمیشہ میڈیا کو سپورٹ کیا اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔سینئر کالمسٹ اسلم ڈوگر٬سہیل ریاض راجہ ٬بلال ساہی٬رحمت اللہ جاوید اوردیگر نے بھی اپنی اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :