پختونوں کی محرومیوں کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ٬اس سلسلے میں ہماری جدوجہد جاری رہے گی ٬فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شامل کیاجائی

قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائو کا اجتماع سے خطاب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 19:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2016ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ پختونوں کی محرومیوں کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک طرف قبائلی عوام کی محرومیوں کاازالہ ہو گا تو دوسری طرف خیبرپختونخوا ملک کا دوسرا بڑا صوبہ بن جائے گا اور وسائل اور آمدن میں اضافہ ہو گا جس سے پختون قوم تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ماشوخیل ضلع پشاور میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرعوامی نمائندوں اورمختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں ملک شمشیر شنواری٬عبدالحق شنواری٬راز محمد٬خاکی شاہ٬حاجی مدد خان٬قاری یاسین ناظم٬دولت خان٬صالح محمد٬ملک فضل اکبر٬امداد خان٬خوشحال خان٬اعظم خان٬نوراگل٬نعمت خان اوردائود خان نے اپنے سینکڑوںساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندرشیرپائو نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کے حوالے سیاست سے بالاتر ہوکر قبائلی عوام کے مفادات کو ترجیح دی جائے تاکہ قبائل کو تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے ساتھ ساتھ قبائلی علاقوں کی تعمیر و ترقی اور قبائلی عوام کو ملک کے دوسرے شہریوں کے برابر حقوق اور سہولیات دیئے جائیں۔انھوں نے صوبے میں بجلی کے ٹرانمیشن کے نظام کی بہتری اور لوڈشیڈنگ میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا صوبہ سب سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کررہا ہے لیکن اس کے باوجود یہاں کے عوام کو بجلی کے ناروا لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وفاق چاروں اکائیوںمیں بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے ٬وسائل کی منصفانہ تقسیم اورترقیاتی منصوبوں میں امتیازی سلوک کی بجائے ہر صوبے کو اپنا حق دے ۔انھوں نے کہا کہ سی پیک میں بھی پختونوں اور خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے یہاں پر پائی جانے والی مایوسی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔انھوںنے پختونوں کی خدمت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی ہر فورم اور ہر محاذ پر پختونوں کے حقوق و تحفظ کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان٬سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ اسد آفریدی ایڈوکیٹ٬قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری حاجی سیف اللہ خان اور دوسرے عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :