محصولات کے سالانہ ہدف کے حصول کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں‘ پائیدار ملکی ترقی ‘ شرح نمو میں اضافے اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں کیلئے محصولات میں اضافہ ناگزیر ہے ‘ تجارت کو آسان بنانے کے حوالے سے بزنس انڈیکس میں رینکنگ کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں‘ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیں

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا بزنس ریفارمز سٹریٹجی 2016ء اور ایف بی آر کی کارکردگی بارے اجلاسوں سے خطاب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 18:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ محصولات کے سالانہ ہدف کے حصول کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں‘ پائیدار ملکی ترقی ‘ شرح نمو میں اضافے اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں کیلئے محصولات میں اضافہ ناگزیر ہے ‘ تجارت کو آسان بنانے کے حوالے سے پاکستان کی بزنس انڈیکس میں رینکنگ کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں‘ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیں ‘ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین ملک بن چکا ہے ۔

وہ ہفتہ کو بزنس ریفارمز سٹریٹجی 2016ء اور ایف بی آر کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاسوں کی صدارت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی محصولات کے نئے اہداف کے حصول کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے ایف بی آر کو دئیے گئے محصولات کا سالانہ ہدف حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

چیئرمین ایف بی آر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ایف بی آر کی ٹیم کو محصولات کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ وزیر خزانہ نے ایف بی آر ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ محصولات کا سالانہ ہدف حاصل کرنے کیلئے اپنی بہترین کوششیں بروئے کار لائیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے محصولات میں اضافے کی اہمیت پر ز ور دیتے ہوئے کہا کہ محصولات میں اضافے پائیدار ترقی ‘ شرح نو میں اضافے اور تعمیر و ترقی کیلئے ضروری ہے۔

اجلاس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر خان اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ قبل ازیں وزیر خزانہ سے بزنس ریفارمز سٹریٹجی 2016ء پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔ سیکرٹری خزانہ نے تجارت کیلئے 10 اظہاریوں کے حوالے سے اٹھائے گئے اصلاحی اقدامات کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ سیکرٹری خزانہ نے تجارت کو آسان بنانے کے حوالے سے انڈیکس میں ملک کی رینکنگ کو بہتر کرنے کے لئے مجوزہ طریقہ کار پر بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ اس مقصد کے حصول کیلئے ضروری اقدامات اور مقررہ وقت کی نشاندہی کی جائے۔ اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ اور تعاون کی بھی ہدایت کی۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے تمام ممکن کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے موزوں ترین ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال اور امن و امان کی صورتحال میں آنے والی بہتری سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ …(رانا+ وخ)

متعلقہ عنوان :