چکوال میں مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی داخل کرانے کا مرحلہ مکمل

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 18:06

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) ضلع کونسل چکوال٬ 6 میونسپل کمیٹیوں اور 71یونین کونسلوں میں 415کے قریب مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی داخل کرانے کا مرحلہ ہفتے کے روز مکمل ہوگیا۔ ایک ہزار کے قریب امیدواروں نے 16ریٹرننگ آفیسر کے دفاتر میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرائے۔ کاغذات نامزدگی داخل کرانے والے امیدوار اپنے حامیوں کے ہمراہ ریٹرننگ افسروں کے دفاتر پہنچتے رہے جس کی وجہ سے ریٹرننگ افسروں کے دفتروں کے باہر امیدواروں اور ان کے حمایتیوں کا رش لگا رہا۔

(جاری ہے)

کاغذات نامزدگی داخل کرانے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17اور18اکتوبر کو ہوگی اور ریٹرننگ افسروں کی طرف سے کاغذات منظور یا مسترد کرنے کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال اور تلہ گنگ کی عدالت میں دائر کی جا سکیں گی اور ریٹرننگ آفیسرز24اکتوبر کو تمام امیدواروں کی حتمی فہرست بمعہ انتخابی نشانات الاٹ کریں گے۔ ضلع کونسل کے انتخابات 8 نومبر٬ چھ میونسپل کمیٹیوں کے 10 نومبر اور 71یونین کونسل میں مخصوص نشستوں کا الیکشن12نومبر کو ہوگا۔