چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اہم اصلاحات کی منظوری دے دی

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 16:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2016ء) انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے اہم اصلاحات کی منظوری دے دی ہے جسکے تحت 107 ایڈیشنل اینڈ سیشن ججوں کو براہ راست بھرتی کیا جائے گا۔ گریڈ 20 کے ان ججوںکے امیدواروں کیلئے ایل ایل بی کی ڈگری سمیت دس سال کا تجربہ لازم ہوگا جبکہ یہی معیار 588 سول ججوں کی بھرتی کیلئے طے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اصلاحات میں ججوں کی اسامیوں کے امیدواروں کی عمر کی مد 35 سے 45سال مقرر کی گئی ہے جس کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے 3ججوں پر مشتمل تین رکنی ایکروٹ لنک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس سلسلے میں ججز کے امیدواروں سے 17اکتوبر سے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ 30اکتوبر تک جاری رہے گا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نئے ججوں کی بھرتی سے سیشن کورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں جو 13لاکھ سے زائد مقدمات التوا کا شکار ہیں کو نمٹانے میں مدد ملے گی۔ (اے ملک)