بے نظیر بھٹو ہسپتال فائرنگ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان گرفتار کرلیا٬محکمہ داخلہ پنجاب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 16:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2016ء) محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو ہسپتال مین فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کر کے تمام ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے تفصیلات کے مطابق آج ہفتے کو راولپنڈی میں بے نظیر انٹرنیشنل ہسپتال کے ینگ ڈاکٹر نے جمعہ کی رات ہسپتال میں فائرنگ کے واقعہ کے خلاف مری روڈ پر احتجاج کیا جس سے مری روڈ کئی گھنٹوں تک بند رہی اور مریضوں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے احتجاج کے ردعمل میں محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کے بعد احتجاج اور ہڑتال کا کوئی جواز نہیں ۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق راولپنڈی کے بے نظیر انٹرنیشنل ہسپتال میں فائرنگ کا مقدمہ جمعہ کی رات ہی درج کر لیا گیا تھا مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں اور فائرنگ کرنے والے تمام ملزمان گرفتار کئے جا چکے ہین جس سے قانون کے مطابق کارروائی کی جار ہی ہے ۔ (جاوید)