چین اور سری لنکا کا پارلیمانی تعاون میں اضافہ کرنے کا عزم

چین کے اعلیٰ رکن پارلیمنٹ اور سیاسی مشیر کی سری لنکا کی پارلیمنٹ کے سپیکر کیساتھ ملاقاتیں

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 16:22

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2016ء) چین کے ممتاز رکن پارلیمنٹ زانگ ڈی جیانگ نے گذشتہ روز سری لنکاکے پارلیمنٹ کی سپیکر کارو جیاس جے سوریا کے ساتھ مذاکرات کئے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون میں اضافہ کرنے پر زوردیا ٬ نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی ) کی مجلس قائمہ کے چیئرمین زانگ ڈی جیانگ نے سری لنکا اور چین کے درمیان گہری دوستی کوسراہتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے رہنمائوں کے چین کے دوروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئی حکومت نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا عزم کررکھا ہے ۔

جے سوریا جو زانگ کی دعوت پر دس اکتوبر سے پندرہ اکتوبر تک چین کادورہ کرنیوالے ایک وفد کی قیادت کریں گے نے کہا کہ سری لنکا میں تمام جماعتوں کی یہ مشترکہ خواہش ہے کہ چین کے ساتھ باہمی سود مند تعاون کو فروغ دیا جائے۔

(جاری ہے)

چین کے اعلیٰ سیاسی مشیروائی یو زینگ شینگ نے گذشتہ روز جے سوریا سے ملاقات کی ٬ انہوں نے کہا کہ چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کو امید ہے کہ مختلف سطحوں پر سری لنکا کے ساتھ تبادلوں کو توسیع دی جائے گی اور طرز حکمرانی کے تجربے کا تبادلہ کیا جائے گا ۔

انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ بیلٹ و روڈ منصوبے کے تحت تعاون کو تیز کیا جائے اور دوطرفہ تعلقات کو نئے مرحلے پر فروغ دیا جائے ۔جے سوریا نے کہا کہ سری لنکا چین کے ساتھ اپنی روایتی دوستی کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون میں اضافہ کرنے کے لئے تیار ہے ۔

متعلقہ عنوان :