ْ جامعہ الازہر کا یونیسکو کی جانب سے مسجد اقصی کے حوالے سے قرار دادکی حمایت کا خیرمقدم

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 14:52

قاہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) مصر کی معروف علمی درس گاہ الازہر نے یونیسکو کی جانب سے اس عرب قرار داد کے حق میں ووٹ دیے جانے کا خیر مقدم کیا ہے جس میں باور کرایا گیا ہے کہ مسجد اقصی اور اس کا پورا حرم مقدس اسلامی مقامات ہیں اور یہ مسلمانوں کی عبادت کے لیے مخصوص ہیں۔عرب میڈیاکے مطابق جامعہ الازہر نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ فلسطینی عوام اور دنیا بھر میں مسلمانوں کی خواہش کی فتح ہے۔

(جاری ہے)

جامعہ نے مسئلہ فلسطین کے جامع اور منصفانہ حل کے لیے فوری طور پر متحرک ہونے کی ضرورت پر زور دیا جس کے تحت اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ہو٬ لوگوں کو ان کے حقوق لوٹائیں جائیں ٬ بیت المقدس شہر کے مذہبی اور ثقافتی تشخص اور ورثے کو برقرار رکھا جائے ٬ فلسطینی قوم کے حقوق تسلیم کیے جائیں اور مسجد اقصی اور مقبوضہ بیت المقدس کے خلاف صہیونی کارروائیوں کا سلسلہ روک دیا جائے۔دوسری جانب مصر کے مفتی ڈاکٹر شوقی علام نے یونیسکوتنظیم کے اس فیصلے کو سراہا ہے جس میں مسجد اقصی کو صرف مسلمانوں کا خاص مقدس مقام شمار کیا گیا ہے جس میں یہودیوں کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے عرب اور اسلامی دنیا سے مطالبہ کیا کہ یونیسکو کے فیصلے سے مستفید ہونے کے لیے فوری طور پر حرکت میں آیا جائے۔