متحدہ عرب امارات ٬جعل سازی کے الزام میں ایشیائی ڈرائیور کو 3 ماہ قید٬جرمانے اور ملک سے بے دخلی کی سزا

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 14:22

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2016ء) متحدہ عرب امارات کی مقامی عدالت نے الیکٹرونک پارکنگ ٹکٹ میں جعل سازی کے الزام میں ایک ایشیائی ڈرائیور کو 3 ماہ قید٬ 1.5 لاکھ درہم(تقریبا 40 ہزار امریکی ڈالر) جرمانے اور ملک سے بے دخلی کی سزا سنادی ۔ عربی روزنامے "الامارات الیوم" کی رپورٹ کے مطابق 41 سالہ ملزم نے پارکنگ کی فیس سے بچنے کے لیے دو مرتبہ الیکٹرونک پارکنگ ٹکٹ میں جعل سازی کی تھی جن کی مجموعی رقم 4 درہم (تقریبا 1 ڈالر) بنتی ہے۔

(جاری ہے)

دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک تفتیش کار نے گاڑیوں پر لگے ٹکٹوں کے معائنے کے دوران دو درہم کے ایک ٹکٹ پر شک کا اظہار کیا تھا۔ باریک بینی سے جائزہ لینے پر ٹکٹ کی تاریخ میں واضح جعل سازی کا انکشاف ہو گیا۔ تاہم تفتیش کار کی غفلت سے ڈارئیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دو روز بعد اسی علاقے میں مذکورہ ملزم نے ایک مرتبہ پھر اس حرکت کو دہرانے کی کوشش کی تو وہ تفتیش کار کی نظر میں آ گیا۔ پولیس کو اطلاع دینے جانے پر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے پاس سے دونوں تحریف شدہ ٹکٹ نکل آئے۔ ڈرائیور نے 4 درہموں کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ان دو ٹکٹوں میں جعل سازی کا اعتراف کر لیا۔