’ جیش محمد‘‘ پر چین کا موقف سنجیدہ اور ذمہ دارانہ ہے‘بھارتی قرارداد پر متعلقہ فریقین کے درمیان اختلافات ہیں ‘ مینڈیٹ کے مطابق اختلافی امور پر بات چیت کیلئے وقت درکار ہے ‘ چین نے این ایس جی پر اپنا موقف تبدیل نہیں کیا

ترجمان وزارت خارجہ جینگ شوانگ کاپریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 14:11

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2016ء) چین نے تنظیم’’ جیش محمد ‘‘کے بارے میں اپنے موقف کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ چین جیش محمد کے بارے میں اقوام متحدہ میں پیش کی گئی قرارداد روکنے کے بارے میں اپنا موقف پہلے ہی واضح کر چکا ہے ٬ یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے کہی ہے ۔یہاں ایک پریس کانفرنس میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھی پہلے ہی بھارت کی طرف سے جیش محمد کے بارے میں پیش کی گئی درخواست پر اپنے رائے کا اظہار کرچکے ہیں تا ہم جب ترجمان سے زور دے کر پوچھا گیا کہ پہلے کیا رائے دی جا چکی ہے تو انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی 1267کمیٹی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مینڈیٹ کے تحت کام کرتی ہے ٬ چین کا موقف ہے کہ 1267کمیٹی کو فہرست میں دیئے گئے معاملات پر طریقہ کار کے مطابق انصاف اور پیشہ وارانہ انداز میں نمٹنا چاہئے اور ٹھوس شہادتوں اور سکیورٹی کونسل کے درمیان اتفاق رائے کی بنیاد پر فیصلے کرنا چاہئیں۔

(جاری ہے)

جیسا کہ ہم کہتے ہیں کہ کئی فریق بھارت کی طرف سے دی گئی فہرست پر کئی افراد کے بارے میں مختلف رائے رکھتے ہیں ٬ اس لئے فنی بنیاد پر لسٹ کے بارے میں کمیٹی کو اس پر غور کرنے اور متعلقہ فریقین سے بات چیت کیلئے وقت درکار ہے ٬ اس سے یہ بخوبی واضح ہو تا ہے کہ چین اس معاملے پر سنجیدہ اور ذمہ دارانہ طرز عمل رکھتا ہے تا ہم ترجمان نے کہا کہ ایک اور سوال یہ ہے کہ ان کے ملک نے ایٹمی سپلائر گروپ(این ایس جی ) میں بھارتی شمولیت یا کسی بھی ایٹمی عدم پھیلا ئو کے معاہدے (این پی ٹی ) میں شامل نہ ہونے والے ملک کے بارے میں اپنا موقف تبدیل نہیں کیا ٬ چین اور بھارتی رہنمائوں کی ملاقات کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ صدر شی جن پنگ بھارتی وزیر اعظم اور دیگر برکس رہنمائوں سے گوا میں ملاقات کریں گے ٬ اس سلسلے میں ضروری انتظامات جاری ہیں اور وقت آنے پر انہیں منظر عام پر لایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں کہ حالیہ برسوں میں چین بھارت تعلقات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور دوطرفہ تعلقات مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں ٬ مقابلے اور اختلافات کے باوجود یہ تعلقات باہمی مفادات اور تعاون کے تحت فروغ پذیر ہیں ٬ ہمیں توقع ہے کہ فریقین اختلافی امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور ان مخصوص مسائل پر مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے مناسب انداز میں حل تلاش کریں گے جن امور پر دونوں ملکوں کے رہنما اتفاق کریں گے ان پر عملدرآمد کریں گے ٬ ہم بھارت کے ساتھ مل کر کام کریں گے تا کہ باہمی تعاون اور رابطوں میں اضافہ کیا جاسکے اور مذاکرات کے ذریعے باہمی اعتماد اور عملی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :