عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں میں کمی کیلئے غیرامتیازی سلوک اختیارکرنے کی ضرورت ہے٬ بعض بڑی طاقتوں کی جانب سے جوہری ہھتیاروں کی تخفیف کیلئے دیرینہ قوانین اورضابطوں میں استثنیٰ دینے سے علاقائی سٹریٹیجک توازن متاثر ہوجاتاہے٬ جوہری تخفیف کے ضمن میں قوانین پر مبنی مساوی اور غیر امتیازی بین الاقوامی لائحہ عمل اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہی

جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کا جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ اوربین الاقوامی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 13:50

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) پاکستان نے عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں میں کمی کیلئے غیرامتیازی سلوک اختیارکرنے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض بڑی طاقتوں کی جانب سے جوہری ہھتیاروں کی تخفیف کیلئے دیرینہ قوانین اورضابطوں میں استثنیٰ دینے سے علاقائی سٹریٹیجک توازن متاثر ہوجاتاہے۔یہ بات جینیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ نے جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ اوربین الاقوامی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی٬ان کا اشارہ بھارت اورامریکا کے درمیان جوہری معاہدے کی طرف تھا جس میں امریکانے جوہری ہھتیاروں کی تخفیف کیلئے کئی دیرینہ قوانین اورضابطوں کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارت سے یہ معاہدہ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی مندوب نے کہاکہ خصوصی انتظامات کے نام پر جوہری ہھتیاروں کی تخفیف کیلئے دیرینہ قوانین اورضابطوں میں استثنیٰ دینے سے دوہرے معیارکی عکاسی ہوتی ہے ٬ ایسا کرنے سے فوائد حاصل کرنے والا ملک نہ صرف جوہری پھیلاو میں اضافے کا باعث بن جاتاہے بلکہ اس سے علاقائی سٹریٹیجک سلامتی کیلئے بھی خطرات پیدا ہوتے ہیں٬اس کے ساتھ ساتھ استفادہ کرنے والے اورنہ کرنے والے کے درمیان سیکیورٹی کے حوالے سے خلیج بڑھ جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جوہری ہتھیاررکھنے والے ممالک کی جانب جوہری عدم پھیلاو کے متشرکہ ہدف کے حصول کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں عدم دلچسپی کے باعث یہ ایک موہوم خواب ہے٬اس مشترکہ ہدف کے حصول کی بجائے یہ ممالک اپنی توجہ اضافی جوہری عدم پھیلاو کے ایسے امورکی طرف مبذول کررہے ہیں جس میں صرف ان کوسٹریٹیجک فائدہ ہورہاہے۔پاکستانی مندوب نے کہاکہ یہ صورتحال سٹریٹیجک اورکمرشمل مقاصد کیلئے جوہری ہھتیاروں کی تخفیف کیلئے دیرینہ قوانین اورضابطوں میں استثنیٰ دینے سے مزیدگھمبیرہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جوہری ہتھیاررکھنے والے اکثر ممالک جوہری ہتھیاروں کی تخفیف کیلئے جامع معاہدے کے ضمن میں مذاکرات کے آغاز کے مخالف ہیں کیونکہ ان ممالک کے سیکورٹی ڈاکٹرائن میں دوسرے ممالک کے خلاف جوہری ہتھیاروں کے غیرمشروط استعمال کا امکان رکھا گیا ہے اسلئے سلامتی کے منفی یقین دہانیوں کے نام پر جامع مذاکرات کی راہ میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ یہی ممالک موجودہ سٹاک میں موجود تابکارموادمیں کمی کی بھی مخالفت کررہے ہیں ۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ جوہری تخفیف پر سست رو پیشرفت کی وجہ سے اس کی مخالفت میں ایک رائے قائم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری تخفیف کے ضمن میں مشترکہ اہداف پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ جوہری تخفیف کی کانفرنس سے ہٹ کر اقدامات سے کسی قسم کا فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جوہری تخفیف کے ضمن میں قوانین پر مبنی مساوی اور غیر امتیازی بین الاقوامی لائحہ عمل اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے اور ایسا تب ممکن ہے جب تمام ممالک کے سیکورٹی تحفظات کو مدنظر رکھا جائے۔