Live Updates

پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان لاہور پہنچ گئے

کل کے اجلاس میں اسلام آباد کے شٹ ڈاﺅن کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا ۔ عمران خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 اکتوبر 2016 13:27

پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان لاہور پہنچ گئے

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15اکتوبر 2016ء) :پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان لاہور پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ائیر پورٹ پر علیم خان اور دیگر پارٹی رہنماﺅں نے عمران خا ن کااستقبال کیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کا کہنا تھا کہ کل ہونے والے اجلاس میں اسلام آباد کے شٹ ڈاﺅن کی حتمی تاریخ کا تعین کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کی تاریخ میں ایک سے دو دن کا ردو بدل کیا جائے گا جس کے بعد عوام کو احتجاج کی حتمی تاریخ بتا دی جائے گی ۔ عمران خان نے کہا کہ احتجاج کے دوران اسلام آباد میں سرکاری دفاتر کوجانے والی سڑکوں کو بند کر دیا جائے گا۔ کپتان کا کہنا تھا کہ اس احتجاج میں وزیر اعظم نواز شریف سے بنیادی سوال یہ ہے کہ نواز شریف اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دینے میں کیا حرج ہے ، اگر غلط کام کا خوف نہیں ہے تو احتساب کے لیے کیوں نہیں مان رہے؟ عمران خان نے کہا کہ گذشتہ چھ ماہ سے ہم پارلیمنٹ سمیت تمام فورمز پر ان کے احتساب کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن ان کی طرف سے بہانے بنائے جا رہے ہیں اور پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج سے سی پیک خطرے میں ہیں یا ہم فوج کو بلا رہے ہیں۔لیکن جب اس ملک کے حکمران اور ادارے ہی انصاف نہیں دے رہے تو ہماری عوام اور ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد احتجاج میں عوام کا ایک سمندر ہو گا ۔ حکمرانوں کے نزدیک کرپشن کی تعریف ہے کہ عوامی اداروں سے اپنا فائدہ حاصل کرو۔ لیکن جو لوگ ان کی کرپشن اورملک پر آنے والے قرضوں کو سمجھ چکے ہیں وہ ہمارا ساتھ دیں گے، جبکہ نواز شریف کے ساتھ وہی لوگ ہیں جو کرپٹ ہیں اور ان ہی کی طرح اداروں کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات