Live Updates

عمران خان کا مقدمہ درست مگرطریقہ کار ٹھیک نہیں ٬ْ پیپلز پارٹی

بلاول کا الطاف حسین کو غدار کہنا سیاسی بیان تھا ٬ْ عمران خان کی اپوزیشن سے حکومت اور مضبوط ہورہی ہے ٬ْ قمر زمان کائرہ

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 13:25

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ عمران خان کا مقدمہ درست مگر طریقہ کار ٹھیک نہیں ہے٬ عمران خان جس طرح کی اپوزیشن کررہے ہیں اس سے حکومت اور مضبوط ہو رہی ہے ٬ْ بلاول کا الطاف حسین کو غدار کہنا سیاسی بیان تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی لندن کی طرف سے پاکستان پریس کلب یوکے کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں دئیے گے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کسی اپوزیشن جماعت کو ساتھ نہیں لیا ساری اپوزیشن جماعتیں پاناما لیکس کے خلاف یک زبان ہیں تاہم عمران خان کو سولو فلائٹ کرنے کا شوق ہے اور ان کا اپوزیشن پارٹیوں کو بلانے کا طریقہ کار بھی درست نہیں۔

قمر زمان کائر ہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے اور وہ دھاندلی بیگوں میں بندہے۔

(جاری ہے)

جس جس حلقے میں بیگ کھلے دھاندلی ثابت ہوئی۔’’ عمران خان کا مقدمہ بالکل درست ہے تاہم وہ غلط انداز میں لڑ کر حکومت کو مزید مضبوط کررہے ہیں‘‘۔بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے متحدہ کے بانی کے حوالہ سے غداری کے نعرے کو انہوں نے سیاسی نعرے قرار دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی جلسوں کی تقریریں مختلف اور پارلیمنٹ کے اندر مختلف ہوتی ہیں۔

’’ بلاول کا الطاف حسین کو غدار کہنا سیاسی بیان تھا‘‘۔قمر زمان کائرہ نے پریس کلب کے تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں رہنے والے صحافی ملک کے حقیقی سفیر ہوتے ہیں جو یہاں بسنے والی کمیونٹی کو اپنے ملک کے ساتھ جوڑے رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں آورسیز صحافیوں کی خدمات کی تعریف بھی کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات