اشتعال انگیز تقریر ٬ْفاروق ستار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عدالت کا علاقہ ایس ایس پی کو دوپولیس افسران کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 13:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کے 28 مقدمات کی سماعت میں بانی ایم کیوایم اور سربراہ ایم کیوایم پاکستان فاروق ستار سمیت دیگر رہنمائوں کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ ہفتہ کو عدالت نے 2 مقدمات میں پولیس فائل پیش نہ کرنے پر انسپکٹر عبدالواسع جوکھیو اور انسپکٹر اصغر سر ہندی کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے علاقہ ایس ایس پی کو دونوں افسران کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

دوران سماعت میئر کراچی وسیم اختر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں نامزد ملزمان فاروق ستار ٬ خالد مقبول صدیقی جیل سے باہر ہیں جبکہ ان کاموکل جیل کے اندر ہے جس پرعدالت نے وکیل سے سوال کیا کہ آپ کو ان کی آزادی پر اعتراض ہے آپ چاہتے ہیں کہ وہ بھی پکڑے جائیں جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی عدم گرفتاری پر نہیں وسیم اختر کے اندر رہنے پر اعتراض ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ بانی ایم کیوایم نے قومی سلامتی کے خلاف تقریر کرکے ضرب عضب اور کراچی آپریشن کو متاثر کرنے کی کوشش کی جس پر عدالت نے بانی ایم کیوایم ٬ فاروق ستار ٬ خالد مقبول صدیقی ٬ ریحان ہاشمی سمیت دیگر کے پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار جاری کرکے ملزمان کو 12 نومبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔یاد رہے کہ عدالت نے میئر کراچی وسیم اختر کی ایک مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا ہوا ہے۔