غرب اردن ٬ قابض فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن ٬متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 12:17

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں جمعہ کے روز قابض صہیونی فوج نے وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا ہے۔ گرفتار کیے جانے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ ادھر مقبوضہ غرب اردن کے شہرجنین میں قباطیہ کے مقام پر فلسطینیوں سے مسلح جھڑپ میں دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عسکرکیمپ کے قریب فوجی چوکی پر فائرنگ بھی کی گئی ہے۔اسرائیلی ریڈیو کی جانب سے نشر کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن سے گرفتار کئے فلسطینیوں کی تعداد 6 ہے٬ ان میں حماس کے کارکن بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ریڈیو رپورٹ کے مطابق گرفتار کئے گئے فلسطینیوں کو تفتیش کیلئے انٹلیجنس ادارے شاباک کے مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔

مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق جنین میں قباطیہ کے مقام پر فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ فائرنگ اس وقت کی گئی جب صہیونی فوج نے مقامی شہریوں کو کرفیو لگا کر گھروں میں بندکرنے کی کوشش کی تو شہری صہیونی فوج کی کارروائیوں کیخلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ٬مشتعل فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فورسز پر سنگ باری بھی کی۔

فلسطینیوں کے پرتشدد مظاہرے کے بعد صہیونی فوجی وہاں سے نکل گئے۔ادھر غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عسکر پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے دھاوا بولا اور گھر گھر تلاشی کی مہم چلائی گئی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ عسکر ی کیمپ میں تلاشی کے دوران فوجیوں پر فائرنگ کی گئی تھی۔ نابلس میں صہیونی فوجیوں نے تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد حراستی مراکز منتقل کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :