اردنی پائلٹ نے جان بوجھ کر امریکی طیارہ مارگرایا

دانستہ طیارہ گرائے جانے کی تحقیقات٬مشاق طیارہ اردنی ہواباز نے گرایا٬ ٹرینر

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:54

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء)امریکی خفیہ ادارے ’ایف بی آئی‘ نے ایک مشاق طیارے کے گرائے جانے سے متعلق سامنے آنے والے تازہ واقع کی تحقیقات شروع کی ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اطلاعات ہیں کہ ایک اردنی نوخیز ہواباز نے دو انجنوں والا مشاق طیارہ اڑاتے ہوئے دانستہ طور پر حادثے سے دوچارکردیا تھا جس کے نتیجے میں اردنی پائلٹ ہلاک اور اس کا ٹرینرشدید زخمی ہوا ہے۔

یہ واقعہ امریکا کی شمال مشرقی ریاست کونیٹیکٹ کے شہر مشرقی ہاروڈ میں پیش آیا۔ مشاق طیارے میں اردنی پائلٹ 28 سالہ فراس محمد فریتخ کے ہمراہ اس کا ٹرینر اورایک کوچ بھی تھا جو شدید زخمی ہوا ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔مقامی خبر رساں اداروں اور اخباری رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اردنی ہواباز نے دو انجنوں والے مشاق طیارے’کو دانستہ طور پر حادثے سے دوچار کیا جس کے نتیجے میں اس اپنی موت بھی واقع ہوئی۔

(جاری ہے)

حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے اردنی ہواباز کے فلیٹ پر پولیس نے چھاپہ مارا مگر اس کی رہائش گاہ سے ایسی کوئی مشکوک چیزبرآمد نہیں ہوسکی۔ تاہم پولیس اور خفیہ ادارہ ایف بی آئی واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہے ہیں۔دستیاب معلومات سے پتا چلا ہے کہ داسنتہ طور پر طیارے کو حادثے سے دوچار کرنے والے اردنی ہواباز اور اس کے نگران کے درمیان طیارے کے کاک پٹ میں لڑائی بھی ہوئی۔

اس کے نگران نے اردنی ہواباز کو طیارے کو احتیاط سے اڑانے کی تاکید کی مگر اس نے مزید بے احتیاطی شروع کردی جس پردونوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔اردنی شہری فریتخ سنہ 2012ء میں ہوابازی سیکھنے کے لیے امریکا آیا تھا جہاں اسے ابتدائی طور پر ایک انجن والے مشاق طیارے اڑانے کی اجازت تھی مگر گذشتہ منگل کو اس نے دو انجن والا طیارہ اڑایا۔ اس دوران اس نے خلاف معمول طیارے میں گڑ بڑ شروع کردی جس کے نتیجے میں وہ حادثے سے دوچار ہوگیا۔