ٹرمپ کے خلاف مزید دو خواتین کی جانب سے دست درازی کا الزام

الزامات عائد کرنیوالی خواتین خطرناک حد تک جھوٹی ہیں٬ٹرمپ٬منتخب ہواتوہیلری کو ضرورجیل میںڈالوں گا٬خطاب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:50

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2016ء) امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر مزید دو خواتین نے جنسی ہراس کے الزامات عائد کیے جبکہ ٹرمپ نے الزامات عائد کرنے والی خواتین کوخوفناک حد تک جھوٹا قرار دیا ہے۔دوسری جانب صدر اوباما نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں جمہوریت بھی بیلٹ پر ہو گی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کیرولائنا میں انتخابی مہم سے خطاب میں میڈیا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے بدعنوان٬ بے ایمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی مہم کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔انھوں نے ہلیری کلنٹن کو دی جانے والی اپنی دھمکی کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ اگر وہ صدر منتخب ہو گئے تو وہ اپنی حریف ہلیری کے خلاف تحقیقات کے لیے خصوصی پراسیکیوٹر مقرر کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید دو خواتین کی جانب سے جنسی ہراس کے الزامات پر کہا کہ وہ تمام خواتین جو سامنے آئی ہیں وہ خطرناک حد تک جھوٹی ہیں۔ان میں سے ایک خاتون سمر زغوڑ نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ نے لاس اینجلس کے ایک ہوٹل میں انھیں جنسی ہراس کا نشانہ بنایا۔41 سالہ سمر زغوڑ نے لاس اینجلس میں ایک کانفرنس میں بتایا کہ ٹرمپ نے نوکری کے لیے بلایا تھا اور اس وقت انھیں جنسی ہراس کا نشانہ بنایا۔

ایک دوسری خاتون کرسٹین اینڈرسن نے بتایا کہ ٹرمپ نے 1990 میں نیویارک کے ایک کلب میں ان سے دست درازی کی تھی٬انھوں نے بتایا کہ اس وقت وہ ہوٹل میں ویٹرس کے طور پر کام کر رہی تھیں اور وہ ماڈل بننا چاہتی تھیں٬دوسری جانب صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ جماعت کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی اوہائیو میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے ٹرمپ کی اس دھمکی کی مذمت کی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ صدر منتخب ہونے کی صورت میں ہلیری کو جیل بھیج دیں گے۔

صدر اوباما نے رپبلکن جماعت کے صدارتی امیدوار کی اہلیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ آیا ٹرمپ صدر بننے کے اہل بھی ہیں کیونکہ نہ تو ان کا مزاج اور علم ایسا ہے اور نہ ہی وہ ایماندار کردار کے مالک ہیں جو کسی صدر کے لیے ضروری ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :